Live Updates

خواجہ آصف کا گورنراسٹیٹ بینک جیسے لوگوں کو شٹ اپ کال دینے کا مطالبہ

یہ لوگ آئی ایم ایف کے ایجنڈے پرہیں، پہلے مصر کا بیڑہ غرق کیا اب پاکستان کا کررہے ہیں، یہ اسٹیٹ بینک نہیں چلا رہے بلکہ اپنی مانیٹری پالیسی سے ملک کا دیوالیہ کررہے ہیں۔ مرکزی رہنماء(ن)لیگ خواجہ آصف کا قومی اسمبلی میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 اکتوبر 2021 19:31

خواجہ آصف کا گورنراسٹیٹ بینک جیسے لوگوں کو شٹ اپ کال دینے کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف نے گورنر اسٹیٹ بینک جیسے لوگوں کو شٹ اپ کال دینے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف کے ایجنڈے پرہیں، رضا باقر نے پہلے مصر کا بیڑہ غرق کیا اب پاکستان کا بیڑہ غرق کررہے ہیں، یہ اسٹیٹ بینک نہیں چلا رہے بلکہ اپنی مانیٹری پالیسی سے ملک کا دیوالیہ کررہے ہیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل گورنر اسٹیٹ بینک نے عشایئے میں تقریر کی اور کہا کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو بہت فائدہ پہنچا ہے، لیکن سنگدلی کا مظاہرہ کیا ہے کہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام کا کیا بنے گا؟ وہ یہاں رہتے ہیں یہاں کماتے ہیں ، رضا باقر مانیٹری پالیسی کے چیئرمین ہیں ان کو سیاسی بیان دینے کی کیا ضرورت ہے؟ ان کو چاہیے الیکشن لڑیں۔

(جاری ہے)

عمران خان تو کنٹینر پر کہتا تھا کہ ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو تو کئی ہزار ارب قرضہ بڑھ جاتا ہے۔ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے، ہمارے گورنر اسٹیٹ بینک اس قسم کے بیانات دیتے ہیں، ان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں بلا کر پوچھا تھا کہ ہاٹ منی آئی ہے، سوا 13فیصد لوگوں کو ٹرسٹ دیا، پھر دوبارہ پیسا باہر چلا گیا، یہ 3 بلین ڈالر کن لوگوں کا پیسا تھا؟ کسی کو پتا نہیں، ان سے پوچھا جائے گا۔

یہ لوگ بنیادی طور پر آئی ایم ایف کی طرف سے آئے ہیں، پہلے انہوں نے مصر کا بیڑہ غرق کیا اب پاکستان کا بیڑہ غرق کررہے ہیں، یہ اسٹیٹ بینک نہیں چلا رہے بلکہ اپنی مانیٹری پالیسی کے ذریعے ہمارے ملک کا دیوالیہ کررہے ہیں، یہ لوگ تو باہر چلے جائیں گے، ان لوگوں کا کوئی احتساب نہیں ہے، جب پی اے سی میں آتے ہیں تو کہتے ہیں یہ سب سیکرٹ ہے۔ ایسے لوگوں کو شٹ اپ کال ملنی چاہیے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات