اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس کیس پر سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی، سپریم کورٹ کا متروکہ وقف املاک کے مکمل آڈٹ کا حکم

منگل 16 نومبر 2021 16:43

اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس کیس پر  سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2021ء) سپریم کورٹ نے  اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس کیس پر  سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی ۔ عدالت عظمی نے  آڈیٹر جنرل پاکستان کو دو ماہ میں  متروکہ وقف املاک  کے مکمل آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ   آڈیٹر جنرل کو آڈٹ کیلئے تمام ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

سپریم کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کو متروکہ وقف املاک سے متعلق  آڈیٹر جنرل کی آڈٹ  رپورٹ پر کارروائی کرنے کا حکم   دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ  ڈی جی ایف آئی اے متروکہ وقف املاک کی پراپرٹیز پر قبضہ خالی کروانے کیلئے کارروائی کریں،ڈی جی ایف آئی اے متروکہ وقف املاک کی 7143 یونٹس سے متعلق ایک ماہ میں ابتدائی بھی   رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

عدالت عظمی  نے پشاور چرچ حملہ کیس کے بعد متاثرین کیلئے قائم فنڈ کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد  کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس کیس پر  سماعت کی ۔ دوران سماعت آئی جی سندھ کی جانب سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار پر ہونے والے  حملہ سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ پولیس نے ڈاکٹر رمیش کمار کی درخواست پر مقدمہ درج کردیا ہے۔

دوران سماعت متروکہ وقف املاک بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر متروکہ وقف املاک پراپرٹیز کی تفصیلات جمع کروا دی ہیں،متروکہ وقف املاک کی مجموعی طور پر 48 ہزار پراپرٹیز ہیں،ڈی ایچ اے ،ایم ڈی اے اور دیگر کو پراپرٹیز بیچی گئی ہیں ۔ دوران سماعت ون مین اقلیتی کمیشن کے سربراہ شعیب سڈل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر متروکہ وقف املاک کا  پہلے بھی آڈٹ ہو چکا ہے ،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق متروکہ وقف املاک کی 7143 یونٹس میں بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں،متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے آڈیٹر جنرل کو  50 فیصد سے بھی کم ریکارڈ دیا گیا۔

عدالت عظمی نے   آڈیٹر جنرل پاکستان کو دو ماہ میں  متروکہ وقف املاک کے مکمل آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ   آڈیٹر جنرل کو آڈٹ کیلئے تمام ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ سپریم کورٹ نے  ایف آئی اے کو متروکہ وقف املاک سے متعلق  آڈیٹر جنرل کی آڈٹ  رپورٹ پر کاروائی کرنے کا حکم   دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے متروکہ وقف املاک کی پراپرٹیز پر قبضہ خالی کروانے کیلئے کاروائی کریں،ڈی جی ایف آئی اے متروکہ وقف املاک کی 7143 یونٹس سے متعلق ایک ماہ میں ابتدائی  رپورٹ بھی  پیش کریں۔

عدالت عظمی  نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس کیس پر  سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر تے ہوئے پشاور چرچ حملہ کیس کے بعد متاثرین کیلئے قائم فنڈ کی تفصیلات بھی طلب کرلیں ۔