پنجاب حکومت نے اسموگ پرقابو پانے کیلئے ڈی سی کےاختیارات بڑھا دیے

پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اسموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے ، فیکٹریوں میں ٹائر اور فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا ، اینٹی اسموگ اسکواڈ کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 نومبر 2021 17:17

پنجاب حکومت نے اسموگ پرقابو پانے کیلئے ڈی سی کےاختیارات بڑھا دیے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 نومبر 2021ء ) پنجاب حکومت نے اسموگ پرقابو پانے کیلئے ڈی سی کےاختیارات بڑھا دیے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں کہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو مزید اختیارات دیے ہیں ، فیکٹریوں میں ٹائر اور فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا ، اینٹی اسموگ اسکواڈ کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اسموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے ، پی ڈی ایم اے میں اسموگ مانیٹرنگ سیل قائم ہے ، لاہور میں 5 اینٹی اسموگ اسکواڈ بھی تشکیل دیے ہیں ، آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی ، محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اسموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور میں بڑھتی ہوئی اسموگ پر قابو پانے کے لیے بلدیاتی حکومت نے شہر کے مختلف مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کا فیصلہ کیا ہے ، کمشنر لاہور آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسموگ سے نمٹنے کے لیے لاہور شہر میں یورو 2 پیٹرول کی فروخت پر بھی پابندی عائد کی جائے گی ، جس کے بعد ایک ماہ کے لیے صوبائی دارالحکومت میں صرف یورو 5 پیٹرول ہی سپلائی کیا جائے گا جب کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کیلئے کرشنگ پلانٹس کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سموگ پر قابو پانے کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو موثر اقدامات کا حکم دیا ہے ، وہ آج وزیر اعلی آفس میں سموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔