آج میڈیا پر جرائم کی کہانیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے

جب ایک سرکاری ٹی وی چینل تھا تو امن تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 نومبر 2021 12:51

آج میڈیا پر جرائم کی کہانیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا پر جرائم کی کہانیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جب ایک سرکاری ٹی وی چینل تھا تو امن تھا، اور آج میڈیا پر جرائم کی کہانیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے ، جرائم پیشہ افراد بھی بہت آگے نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پڑوسی ملک تخریب کاری کاکوئی موقع ہاتھ سے جانےنہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب میں وزیر اطلاعات تھا، اس وقت ایک سرکاری ٹی وی چینل ہوتا تھا اور کوئی مسئلہ نہیں ہوتا تھا، لیکن آج میڈیا پر جرائم کی کہانیوں کو زیادہ کوریج دی جاتی ہے اور جرائم پیشہ افراد کی اسٹوریز چلائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس فورس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پولیس افسر ان جس زندگی میں داخل ہونے جا رہے ہیں اس کے لیے پولیس افسر ان کو ذمہ داریوں کے لیے بہترین تربیت دی گئی ہے۔

آج کےدورمیں پولیس کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا، پولیس اہلکار محنت اورہمت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، بدقسمتی سے پولیس شعبے سےمتعلق تاثر مثبت نہیں لیاجاتا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپ گریڈڈ پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (پی او وی ایس) کا افتتاح کردیا۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ایپلی کیشن پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے ملک کے مثبت تصور کی تکمیل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پی او وی ایس‘ کے ذریعے پاکستان میں باآسانی رسائی سے ملک میں براہِ راست سرمایہ کاری میں بہتری کے ساتھ ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے 180 ممالک سے 6 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔