ضلع ملتان میں جاری انسداد خسرہ مہم کے اہداف 90فی صد حاصل کرلئے گئے ،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 26 نومبر 2021 17:40

ضلع ملتان میں جاری انسداد خسرہ مہم کے اہداف 90فی صد حاصل کرلئے گئے ،ڈپٹی ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2021ء) ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں جاری انسداد خسرہ مہم کے اہداف 90فی صد حاصل کرلئے گئے ہیں اب تک 15 سال کی عمر کے 18 لاکھ بچوں کو خسرے کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ خسرہ مہم کے دوران پولیو اور کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین بھی کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد خسرہ مہم کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی اور سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شعیب گورمانی،ڈی ایچ او ڈاکٹر علی مہدی نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ خسرے کی قومی مہم کے آخری روز 27نومبر تک ہر گھر میں بچوں تک پہنچ کر ویکسی نیشن کی جائے گی تاکہ کوئی نونہال اس موذی مرض کا شکار نہ ہوسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملتان صوبے بھر میں خسرہ و کورونا ویکسی نیشن مہم میں ٹاپ ٹین اضلاع میں شامل ہے۔محکمہ صحت کی ٹیموں کی بھرپور مانیٹرنگ کیلئے ضلعی انتظامیہ نے مربوط میکنزم بھی تشکیل دے رکھا ہے۔قبل ازیں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شعیب گورمانی نے مہم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔