بھارت نے جموں و کشمیر کو عملاً ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے‘ ایمپلائز موومنٹ

حیدر پورہ اور رام باغ میں بھارت کے وردی پوش دہشت گردوں نے درندگی اور بربریت کا بہیمانہ کھیل کھیلتے ہوئے بے گناہ شہریوں کو شہید کردیا

اتوار 28 نومبر 2021 13:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں وکشمیر ایمپلائز موومنٹ نے کہاہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو عملاً ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کے دعویدار بھارت کی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہاکہ سرینگر کے علاقوں حیدر پورہ اور رام باغ میں بھارت کے وردی پوش دہشت گردوں نے درندگی اور بربریت کا بہیمانہ کھیل کھیلتے ہوئے بے گناہ شہریوں کو شہید کردیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر نہتے شہریوں کو قتل اور املاک کو تباہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدمات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں نظربند رکھا ہے جبکہ پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت کالے قوانین کے تحت ہزاروں کشمیری خاص کر نوجوان سالہاسال سے سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ درندہ صفت بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوں کو والدین کے سامنے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک غلام بنا کرنہیں رکھاجا سکتا ۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری ظلم و تشدد کو روکنے اورعلاقے پر بھارتی تسلط کو ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔