رمیز راجہ کی ویمن کرکٹرز کیلئے پی ایس ایل کی تصدیق

یہ ایشیا میں اس قسم کی پہلی ٹی ٹونٹی لیگ ہوگی کیونکہ ویمنز کرکٹ ہمارے کھیل کا اہم پہلو ہے: چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 دسمبر 2021 16:12

رمیز راجہ کی ویمن کرکٹرز کیلئے پی ایس ایل کی تصدیق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے ویمن کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل کرانے کی تصدیق کردی۔ انٹرنیشنل میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس خواتین کی کرکٹ کے لیے کوئی نظام نہیں ہے، ہمارے پاس اس کے لیے نہ کوئی سکولز ہیں اور نہ کالجز ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے ویمن کرکٹرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایشیا میں اس قسم کی پہلی ٹی ٹونٹی لیگ ہوگی کیونکہ خواتین کی کرکٹ ہمارے کھیل کا ایک اہم پہلو ہے۔

(جاری ہے)

انٹرویو میں افغانستان کرکٹ بورڈ کو درپیش مشکلات کے حوالے سے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی کرکٹ فی الحال مشکلات کا شکار ہے لیکن دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈز کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے لیے خواتین کی کرکٹ کے حوالے سے آئندہ 6 ماہ اہم ہیں، آئی سی سی نے افغانستان میں باصلاحیت کرکٹرز کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فنڈنگ کا سلسلہ مکمل جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔