Live Updates

وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کوٹلی میں سکندر حیات سپورٹس اسٹیڈیم کے فیز ون کا افتتاح کر دیا

پیر 3 جنوری 2022 23:24

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2022ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کوٹلی میں سکندر حیات سپورٹس اسٹیڈیم کے فیز ون کا افتتاح کر دیا۔فیز ون کے تحت اس منصوبہ پر 13 کروڑ 67 لاکھ 70 ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں۔اس منصوبہ کا کل رقبہ 108کنال ہے ۔سکندر حیات سپورٹس اسٹیڈیم منصوبہ کا سنگ بنیاد جون 2006 میں رکھا گیا جس کی تکمیل 2009 میں ہونی تھی تاہم یہ منصوبہ طویل عرصہ التواء کا شکار رہا۔

جس کا فیز ون پی ٹی آئی کی حکومت نے تکمیل کروایا اب اس اسٹیڈیم سے ضلع کوٹلی کے نوجوانوں کو کھیلوں کی صحت مند سرگرمیاں کو فروغ ملے گا۔افتتاح کے موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال، وزیر صحت نثار انصر ابدالی،وزیر مال چوہد ری محمد اخلاق،سابق وزیر سردار فاروق سکندر خان،سابق مشیر راجہ آفتاب اکرم، امیدوار اسمبلی ملک محمد یوسف،ملک زراعت ایڈووکیٹ، ملک فیض، سیکرٹری سپورٹس منصور قادر ڈار،ڈی جی سپورٹس خواجہ محمد نعیم چیئرمین کے ڈی اے چوہدری محبوب ایڈووکیٹ،پی ٹی آئی کے راہنماؤں سردار شیراز خان،سردار ریحان مصطفی، سابق جج چوہد ری محمد اسحاق کمشنرچوہدری محمد رقیب خان، ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل، ایس ایس پی مرزا شوکت حیات، ایس ای بلڈنگ اورنگزیب، ایکسن مرزا رضوان شبیر سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس منصور قادر ڈار نے منصوبہ کے بارے میں بریفننگ دی۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اس موقع پر پی پی ایچ کے افسران کو ہدایت کی یہ سپورٹس اسٹیڈیم سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات مرحوم کا خواب تھا اگر چہ یہ منصوبہ ان کی حیات میں مکمل نہ ہوسکا لیکن اب اس منصوبہ کے فیز ٹو میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔یہ منصوبہ ہماری حکومت اندر معیاد مکمل کرئے گی اس کے لئے جتنے بھی فنڈز درکار ہوئے فراہم کریں گے۔

سپورٹس اسٹیڈیم سمیت حکومت جو بھی منصوبہ شروع کرئے گی اندر معیاد مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومتیں کام نہ کریں تو پھر منصوبہ جات تاخیر کا شکار ہوتے اور ان کی لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے میرے قائد وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے جو ذمہ داری سونپی ہے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے لوگوں کی خدمت میری ترجیحات میں شامل ہیں۔

خود گراس روٹ لیول سے آیا ہوں اور گراس روٹ لیول تک حکومت کے ثمرات نظر آئیں گے اور وقت بتائے گا ہم نے کس طرح عوام الناس کی خدمت کی ہے۔شہری آبادیوں،دیہی علاقوں سمیت ایل او سی پر بسنے والوں کے لئے تمام ضروری سہولیات و مراعات فراہم کریں گے۔انہوں نے سکندرحیات سپورٹس اسٹیڈیم کے بقیہ کام رنگ روڈ،شاپس،افسز۔3 منزلہ ان ڈور گیم کی عمارات جلد مکمل کروانے کی یقین دھانی کروائی۔قبل ازیں وزیر اعظم جب سکندر حیات سپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح کے لیے پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات