Live Updates

ْوزیر صحت نے سیکرٹری سمیت محکمہ کے افسران وملازمین میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کئے

نیاپاکستان قومی صحت کارڈکے ذریعے پنجاب میں صحت کے شعبہ میں شاندارتبدیلی آئی ہے‘ڈاکٹریاسمین راشد

منگل 18 جنوری 2022 14:48

ْوزیر صحت نے سیکرٹری سمیت محکمہ کے افسران وملازمین میں نیاپاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹراحمدجاویدقاضی سمیت محکمہ کے تمام افسران وملازمین میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کئے۔اس موقع پر محکمہ کے افسران وملازمین کی کثیرتعدادموجودتھی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کے تمام 3کروڑخاندانوں کونیاپاکستان قومی صحت کارڈ کی شکل میں صحت کی شاندارسہولیات فراہم ہوئی ہیں۔

عمران خان نے پنجاب کے تمام خاندانوں کو بلا تفریق نیاپاکستان قومی صحت کارڈکاتحفہ دیاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈکے ذریعے پنجاب میں صحت کے شعبہ میں شاندارتبدیلی آئی ہے۔

(جاری ہے)

نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے حامل خاندان اپنی عزت نفس مجروح ہوئے بغیر کسی بھی منتخب نجی ہسپتالوں میں 10لاکھ روپے تک کا مفت علاج کرواسکتے ہیں۔

نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کی وجہ سے نجی ہسپتالوں نے اپنی ایکپینشن شروع کردی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کے نجی ہسپتالوں میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے حامل خاندانوں کے علاج کو مانیٹرکیاجارہاہے۔پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے پنجاب کی عوام کوآج تک صحت کے شعبہ میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈجیسی سہولت نہیں دی۔پنجاب کے خاندان نیاپاکستان قومی صحت کارڈکے ذریعے منتخب سرکاری و نجی ہسپتالوں سے بہترین علاج کی مفت سہولت حاصل کررہے ہیں۔

پنجاب کی عوام کو صحت کی شاندارسہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔کسی بھی خاندان کا سربراہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ نادرامیں اندراج کروانے کے بعدحاصل کرسکتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے خاندان کے سربراہ سے نیاپاکستان قومی صحت کارڈحاصل کرنے کیلئے اپنے آپ کو نادراکے ڈیٹامیں اندراج کروانے کی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات