شاہین کو ابھی سے پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیئے :محمد حفیظ

کپتانی چند دنوں میں نہیں آتی،اچھا کپتان بننے کیلئے وقت درکار،دعا ہے پاکستان سپرلیگ ہر لحاظ سے کامیاب ہو، پاکستان کا نام روشن ہو: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 جنوری 2022 15:28

شاہین کو ابھی سے پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے کے بارے میں نہیں سوچنا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ کپتانی چند دنوں میں نہیں آجاتی ایک اچھا کپتان بننے کے لیے وقت لگتا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتےہوئے تجربہ کار آل راؤنڈر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی پرفارمنس سے سب کے دل جیتے ہیں، کپتانی چند دنوں میں نہیں آتی بلکہ ایک اچھا کپتان بننے میں وقت لگتا ہے، شاہین کو کھیل کی باریکیوں کی سمجھ ہے اور وہ ایک اچھا کپتان بن سکتا ہے لیکن شاہین شاہ آفریدی کو ابھی سے پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے کے بارےمیں نہیں سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام ٹیموں نے ہی اچھے کھلاڑی منتخب کیے ہیں، لاہور قلندرز کے پاس کوالٹی پیسرز، سپنرز اور بیٹسمین ہیں، فیلڈنگ کے شعبے پر خاص توجہ دینا پڑے گی، ٹی ٹونٹی کرکٹ میں فیلڈنگ اگر اچھی ہوگی تو جیت کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل کو بریک نہیں لگنی چاہیے، منتظمین کے ساتھ اب کھلاڑی بھی کوویڈ صورتحال کے عادی ہوچکے ہیں، امید ہےکہ پی سی بی حکام اچھی حکمت عملی کے لیگ کو کامیاب بنائیں گے۔

دعا ہے کہ پاکستان سپرلیگ ہر لحاظ سے کامیاب ہو اور پاکستان کا نام روشن ہو۔ سابق کپتان نے کہا کہ اب ساری توجہ لیگ کرکٹ پر ہے، عمان لیگ میں دو میچز کھیلنے کے بعد پی ایس ایل میں حصہ لوں گا، اپنی فارم اور فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے محنت کا سلسلہ جاری ہے۔