سرینگر میں ٹریفک معطلی کی وجہ بننے والامشکوک بیگ خالی نکلا

منگل 18 جنوری 2022 23:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر میں ٹریفک معطلی کی وجہ بننے والا اور بھارتی فورسز کے اوسان خطا کرنے والا ایک مشکوک بیگ بالآخر خالی نکلا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہر کے علاقے قمر واری کے قریب پولیس کے بم ناکارہ بنانے والے سکواڈ کو کچھ نہیں ملا۔

(جاری ہے)

بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کی تقریبات سے پہلے سرینگر میں گزشتہ دو دنوں میں پی سی آرقریب اور صراف کدل میں دو دستی بم حملوں کے بعدمنگل کی صبح لاوارث بیگ نے علاقے میں بم کا خوف پیدا کردیااور بھارتی فورسز کے اوسان خطا کردیے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ مشکوک بیگ ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو روانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اسے اچھی طرح سے چیک کرنے کے بعد بیگ خالی نکلا۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں عارضی طور پر روکی گئی ٹریفک کو بحال کر دیا گیاہے۔