Live Updates

وزیراعظم، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے کی تیاری شروع

حکومت گرانے کیلئے لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے بھی مشاورت شروع کردی گئی۔ پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 جنوری 2022 19:49

وزیراعظم، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے کی تیاری ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری 2022ء) پی ڈی ایم نے وزیراعظم، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے کی تیاری شروع کردی، پی ڈی ایم اسٹیئرنگ نے حکومت گرانے کیلئے لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے بھی مشاورت شروع کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور پی ڈی ایم رہنماء شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مولانا عبدالغفورحیدری، میرکبیرشاہی، احسن اقبال، حافظ عبدالکریم، سکندرشیرپاؤ شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاری اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت اپوزیشن کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے، عمران خان 5سال پورے کریں گے کہیں نہیں جارہے ہیں،عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ اتنی نااہل اپوزیشن ملی، صدارتی نظام اور ایمرجنسی کا بڑا شور ہے لیکن ابھی تک کابینہ میں ایسی کوئی تجویز نہیں آئی۔

بنیادی طور پر کہنا چاہتا ہو ں پیپلزپارٹی نے ابھی ٹریکٹر ٹرالی ریلی نکالی ہے، وہ ایک ریڑہ ریڑھی کی ریلی تھی، اپوزیشن کو لانگ مارچ کے فیصلے پرغور کرنا چاہیے،اوآئی سی اجلاس میں سینکڑوں مہمان آرہے ہیں، وہ 23 مارچ کی پریڈ میں شرکت کریں گے،کورونا بھی ہے، ان کو چاہیے چار دن پہلے یا بعد میں کرلیں۔اپوزیشن اسلام آباد آکر لانگ مارچ کی خواہش پوری کرلے، اپوزیشن کو چاہیے لانگ مارچ 23 مارچ کی بجائے 24 مارچ کو کرلے، 23 مارچ کو اوآئی سی کانفرنس ہے،اوآئی سی اجلاس کے سلسلے میں 21 مارچ سے کچھ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں، بلاول بھٹو نے بھی ایک تاریخ دے رکھی ہے ان کے ساتھ ملکر سب لانگ مارچ کرلیں،اگر اپوزیشن نے کوئی ایسی غلطی کی جس سے جمہوریت کا نقصان ہوا تو بات ان کے گلے پڑے گی۔

وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن اپنا منہ دیکھے، فنانس بل میں ان کے 12 لوگ کم تھے عدم اعتماد کے وقت 25 کم ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات