لاہور: ویگن نالے میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے4 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

مسافروں کو لےکر جانے والی ویگن ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سےگندے نالے میں گری،حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، پولیس حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 23 جنوری 2022 21:05

لاہور: ویگن نالے میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے4 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 23 جنوری 2022) لاہور میں انتہائی افسوسناک حادثہ، ویگن نالے میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے4 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق لاہورکے نواحی علاقے ہلوکی کے قریب ویگن نالے میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،حادثے میں مرنے والوں کی لاشیں اور زخمی نالے سے نکال لیےگئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہےکہ مسافروں کو لےکر جانے والی ویگن ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سےگندے نالے میں گری،حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں شارع فیصل پر بھی ایسا ہی ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

شارع فیصل کارساز کے قریب تیز رفتاری کے باعث تین گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی تھیں۔حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن کی شناخت ارتضیٰ اور رافع کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔حادثے میں گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور کچھ دیر تک ٹریفک کی روانی بھی معطل رہی، تاہم ٹریفک پولیس نے گاڑیاں ہٹانے کے بعد ٹریفک کو بحال کر دیا گیا تھا-