آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دے دی

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں ہوا، پاکستان کیلئے موجودہ قرض پروگرام کی چوتھی قسط کی منظوری دے گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2026 21:01

آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2026ء) آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کے معاملے پر ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس جمعہ کو واشنگٹن میں ہوا ۔ اجلاس میں پاکستان کیلئے موجودہ قرض پروگرام کی چوتھی قسط کی منظوری دے گئی جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر منتقل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے ،موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے دوسرے جائزے کی منظوری بھی متوقع ہے۔ منظوری کی صورت میں پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت 20کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان نے کلائیمٹ ایکشن کیلئے مالی وسائل اور بجٹ ترجیحات پر اپنا موقف پیش کر دیا ہے اور ماحولیاتی منصوبوں کیلئے بین الاقوامی مالی معاونت بڑھانے پر مشاورت جاری ہے۔ حکومت نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں قومی بجٹ اور وسائل کی تقسیم میں کلائمٹ پالیسی کو اہم ترجیح دینے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مرکزی بینک کی جانب سے جاری فاریکس ڈیٹا کے مطابق سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 15 ارب 85 کروڑ 7 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی ہفتہ وار 17 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر 5 ارب 44 کروڑ 28 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر 21 ارب 29 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔