Live Updates

پی ایس ایل 7، اسلام آباد یونائیٹڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 رنز سے کامیاب

عماد وسیم اور قاسم اکرم کی نصف سنچریاں رائیگاں، وقاص مقصود کا شاندار آخری اوور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 فروری 2022 23:34

پی ایس ایل 7، اسلام آباد یونائیٹڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 رنز سے کامیاب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 فروری 2022ء ) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2022 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 1 رن سے شکست دیدی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے 21 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یونائیٹڈ کے اوپنرز نے دھواں دار آغاز ضرور کیا لیکن صرف 12 رنز کی شراکت بنا پائے۔

رحمٰن اللہ گرباز 5 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بابراعظم کا کیچ بنے۔ محمد اخلاق بھی 26 کے سکور پر صرف 2 رنز جوڑ کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ایلکس ہیلز نے کپتان شاداب خان کے ساتھ مل کر اسکور 69 رنز تک پہنچایا اور 25 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاداب خان کو 87 کے مجموعی سکور پر عماد وسیم نے کلین بولڈ کردیا، شاداب خان نے 34 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

لیام ڈاسن بھی صرف 15 رنز بنا کر ہم وطن جورڈن تھامسن کی وکٹ بن گئے۔ اعظم خان کا ساتھ دینے آصف علی آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 30رنز جوڑے، اعظم خان 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ آصف علی 11 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ کھیل پیش کیا جسکی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191رنز بنائے، فہیم نے 10 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 29رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ، عمید آصف ، جورڈن تھامسن اور کرس جورڈن کے نام 1، 1 وکٹ رہی۔ 192 ہدف کے جواب میں کراچی کنگز کی ابتدا اچھی ثابت نہ ہوسکی۔ تیسرے اوور میں ہی 17 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم وکٹ کیپر اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان بابر اعظم صرف 13 رنز بناسکے جب کہ دو گیندوں بعد ہی بغیر کسی رن کا اضافہ کیے جان کلارک بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شرجیل خان نے ٹیم کو سنبھالا تاہم 76 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اینڈ پر کھڑے صاحبزادہ فرحان 17 رنز بناکر شرجیل خان کو داغ مفارقت دے گئے۔

اُن کا کیچ رحمان اللہ نے وقاص مقصود کی بال پر لیا۔ اس کے فوری بعد ان فارم شرجیل خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ شرجیل خان نے 44 رنز بنائے وہ آصف علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شرجیل خان کے پویلین لوٹتے ہی محمد نبی صرف 3 رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے انھیں بھی آصف علی نے شکار کیا۔ عماد وسیم اور نوجوان قاسم اکرم نے عمدہ شراکت اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

عماد وسیم اور قاسم نے صرف 52 گینوں پر 108رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔ جب عماد وسیم میچ کے آخری اوور میں 28 گیندوں پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کراچی کنگز کو تین گیندوں پر فتح کے لیے چار رنز درکار تھے۔ وقاص مقصود کی اگلی گیند وائیڈ قرار دی گئی، قاسم نے سنگل رن لیا تو کراچی کنگز کو دو گیندوں پر دو رنز درکار تھے۔

تاہم وقاص نے نئے بلے باز جورڈن تھامسن کو بولڈ کردیا اور اس طرح آخری گیند پر کنگز کوفتح کے لیے دو رنز درکار تھے۔ آخری گیند پر کرس جورڈن نے سنگل رن لینے کی کوشش کی لیکن گیند واپس باؤلر کے پاس گئی جنہوں نے براہ راست تھرو پر انگلش بلے باز کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ قاسم اکرم نے 26 گینوں پر 51 رنز کی جرات مندانہ اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو ایونٹ میں لگاتار ساتویں شکست سے نہ بچا سکے۔

میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، رحمٰن اللہ گرباز، محمد اخلاق، اعظم خان، آصف علی، لیام ڈاسن، فہیم اشرف، حسن علی، وقاص مقصود، ذیشان ضمیر پر مشتمل ہے جب کہ کراچی کنگز کی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، شرجیل خان، جو کلارک، جورڈن تھامسن، محمد نبی، صاحبزادہ فرحان، قاسم اکرم، عماد وسیم، کرس جورڈن، عمید آصف، میر حمزہ شامل ہیں ۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات