تحریک انصاف کے سیینٹر اعجاز چوہدری گرفتار

پولیس نے سینیٹر اعجاز چوہدری کو ماڈل ٹاؤن سےگرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 10:38

تحریک انصاف کے سیینٹر اعجاز چوہدری گرفتار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیینٹر اعجاز چوہدری کو گرفتار کرلیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پولیس نے بدھ کے روز صبح سویرے سینیٹر اعجاز چوہدری کو ماڈل ٹاؤن سے گرفتار کیا جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن پولیس دروازہ توڑ کر اعجاز چوہدری کے گھر میں داخل ہوئی اور سادہ لباس اہلکاروں نے پی ٹی آئی سینیٹر کو گرفتار کیا ۔

اسی طرح تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو بھی گرفتار کر لیا گیا کیوں کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کیلئے شروع کیے گئے کریک ڈاون میں تیزی آ گئی ہے ، پنجاب پولیس نے پنجاب اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو 16 ایم پی او کے تحت لاہور سے گرفتار کیا ، پی ٹی آئی رہنما کی گرفتار منگل کی رات کو عمل میں لائی گئی ۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر نے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سمیت دیگر حکام کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی جانب سے حمزہ شہباز سمیت دیگر حکام کیخلاف عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ارکان اسمبلی کو گرفتار کیا جا رہا ہے ، حمزہ شہباز ،چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پولیس کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے سی سی پی او لاہور اور انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخوست جمع کروانے کا اعلان کیا تھا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس دوبارہ میرے گھر داخل ہوئی ، سارے گھر کی تلاشی لی اور گھر والوں کو ہراساں کیا ، ان کے پاس کوئی وارنٹ نہیں تھا ، اس کے باوجود اسلام آباد ہائی کورٹ اور آج لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی کھلی حلاف وزی ہوئی ، اس پر سی سی پی او لاہور اور انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخوست جمع کروا رہا ہوں ۔