ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کا پنجاب اسمبلی کے ایوان میں کردار متنازعہ ہو چکا، وہ ن لیگ کے اجلاسوں میں بیٹھتے ہیں،چودھری پرویزالٰہی

بدھ 29 جون 2022 18:40

ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کا پنجاب اسمبلی کے ایوان میں کردار متنازعہ ہو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے غلام مرتضیٰ میتلا، غلام مجتبیٰ، پارٹی رہنماؤں اور سینئر وکلا کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب بارے عدالتی کیس اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کا پنجاب اسمبلی کے ایوان میں کردار متنازعہ ہو چکا ہے، ڈپٹی سپیکر سے انصاف کی کوئی توقع نہیں، ڈپٹی سپیکر ن لیگ کے اجلاسوں میں بیٹھتے ہیں، ڈپٹی سپیکر نے پہلے بھی جانبداری کا مظاہرہ کیا، ایوان میں پولیس طلب کرکے اس کاتقدس پامال کیا جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، کامن ویلتھ سمیت دنیا کے اہم جمہوری تنظیموں نے ڈپٹی سپیکر کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر نے وزیر اعلیٰ کا غیر قانونی الیکشن کروایا، ن لیگ کے حق میں ان کے بیانات ان کے عمل کی عکاسی کرتے ہیں، ڈپٹی سپیکر منحرف ارکان سے مل کر حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں اور انہوں نے آئندہ جنرل الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، ان نااہل حکمرانوں نے مہنگائی کے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی کا ہر روز نیا بم گرایا جاریا ہے، عوام انشائ اللہ ضمنی انتخابات میں جعلی حکمرانوں کے خلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ سنائیں گے۔