Live Updates

فوزیہ قصوری کے بیان پر تحریک انصاف کا ردعمل

فوزیہ قصوری نے حقائق کے منافی گفتگو کی،فوزیہ قصوری اپنے ذاتی مفاد کیلئے پارٹی میں آئیں،کنول شوزب

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 8 اگست 2022 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 8 اگست 2022) فوزیہ قصوری کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔ تحریک انصاف کی رہنما کنول شوزب کا کہنا ہے کہ فوزیہ قصوری نے ایک ایجنڈے پر مبنی پروگرام میں حقائق سے منافی گفتگو کی۔ عمران خان نے فوزیہ قصوری کو ایک پہچان دی مگر انہوں نے احسان فراموشی اختیار کی۔ فوزیہ قصوری صرف اپنے ذاتی مفاد کے لئے تحریک انصاف میں آئیں۔

انہوں نے کبھی پارٹی کے کسی تنظیمی معاملات کو نہیں مانا۔ کنول شوزب کا کہنا تھا کہ اس نے پاکستان کی عوام کو بےوقوف بنایا اور ہمیشہ اپنا مفاد عزیز کیا، جبکہ فوزیہ قصوری کے بیٹے کو آئی کے فاونڈیشن سے جب ہٹایا گیا تب سے یہ باغی ہو گئیں تھیں۔ عوام تحریک انصاف کو عمران خان کے نظریے پر دیوانہ وار فنڈز دیتی ہے۔

(جاری ہے)

جب سے فوزیہ قصوری گئی ہیں تحریک انصاف میں خواتین کی نمائندگی بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ دنوں فوزیہ قصوری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آڑے ہاتھوں لیا۔ سوشل میڈیا پر فوزیہ قصوری کا نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کا ایک کلپ وائرل ہوا جس میں انہوں نے عمران خان سے ٹورنٹو کی تقریب میں جمع 3 لاکھ ڈالر سے متعلق سوال کیا۔ فوزیہ قصوری نے کہا کہ ٹورنٹو میں ہونے والی ایک تقریب میں عمران خان اور میں موجود تھے، اس تقریب میں خان صاحب نے خود کہا تھا کہ 3 لاکھ ڈالرز جمع ہوئے لیکن اس کے بعد سال بھر تک پتا نہیں چلا کہ وہ 3 لاکھ ڈالر کہاں گئی ہم ای میلز پر پوچھتے رہے کہ وہ ڈالر پہنچے یا نہیں لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔

فو زیہ قصوری نے فارن فنڈنگ پر پی ٹی آئی کے مؤقف سے متعلق برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اکاؤنٹس عمران خان کے نام پر کھلے ہیں، ان کے نام سے پیسے ڈپازٹ ہورہے ہیں تو یہ کیسے ممکن ہے کہ عمران خان کو نہیں پتا؟ پہلی بات خان صاحب بہت غلط بیانی کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی بانی رکن کا کہنا تھا ہوسکتا ہے کہ میرے اس بیان کو لوگ جھوٹا بھی کہہ سکتے ہیں لیکن میں خان صاحب کے ساتھ کئی عرصے کام کرچکی ہوں لہٰذا ان کی عزت کرتی ہوں مگر عمران خان کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے۔

ایک حد تک جھوٹ چلتا ہے اس کے بعد اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ سب واضح ہوجاتا ہے۔ فوزیہ قصوری کا کہنا تھا اس وقت اندھا دھند پیسا آرہا تھا اور ایسے ایسے لوگوں سے آیا جن کو ہم جانتے بھی نہیں تھے لیکن خان صاحب جانتے تھے۔ عمران خان کی ابراج گروپ اور عارف نقوی کے ساتھ ڈیلنگ تھی اور اب یہ کہہ دینا کہ وہ کیوں کہ مسلمان ہے اس لیے اس کے خلاف ایسا سازش کی جارہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات