Live Updates

فوج کیخلاف بغاوت پر اکسانے کی سازش کے تانے بانے بنی گالا سے ملتے ہیں ، عطاء اللہ تارڑ

اقتدار سے دوری کے باعث عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، شہبازگل کا بیان فارن فنڈنگ ایجنڈے کے تحت ہے، نہ جھکنے والا ہوں نہ بکنے والا ہوں، پنجاب کے جس شہر میں دل کرے گا جائوں گا ،وزیر داخلہ پنجاب انگلی بھی لگا کر دکھائیں،مونس الٰہی باپ کا بگڑا ہوا لاڈلا ہے، جس کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں،پنجاب کے ہاکی سٹیڈیم کی ٹرف اکھاڑنے پر ہائیکورٹ جا رہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 اگست 2022 22:46

فوج کیخلاف بغاوت پر اکسانے کی سازش کے تانے بانے بنی گالا سے ملتے ہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہبازگل کا دوران تفتیش اعتراف ثبوت ہے کہ یہ سوچاسمجھا منصوبہ تھا، فوج کیخلاف بغاوت پر اکسانے کی اتنی بڑی سازش اس سے پہلے نہیں ہوئی، سازش کے تانے بانے بنی گالا میں ملتے ہیں،اقتدار سے دوری کے باعث عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، شہبازگل کا بیان فارن فنڈنگ ایجنڈے کے تحت ہے، نہ جھکنے والا ہوں نہ بکنے والا ہوں، پنجاب کے جس شہر میں دل کرے گا جائوں گا ،وزیر داخلہ پنجاب انگلی بھی لگا کر دکھائیں،مونس الٰہی باپ کا بگڑا ہوا لاڈلا ہے، جس کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں،پنجاب کے ہاکی سٹیڈیم کی ٹرف اکھاڑنے پر ہائیکورٹ جا رہے ہیں ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ شہبازگل کا دوران تفتیش اعتراف کرنا کہ نجی چینل پر بیان پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سوچاسمجھا منصوبہ تھا، فوج کیخلاف بغاوت پر اکسانے کی اتنی بڑی سازش اس سے پہلے نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سازش کے تانے بانے بنی گالا میں ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کے پیسے پر چلنے والی پارٹی ہے، عالمی سازش اور اداروں کیخلاف بیانئے کو تقویت دینے کا منصوبہ بنایاگیا۔

انہوں نے کہا کہ شہبازگل کا بیان فارن فنڈنگ ایجنڈے کے تحت ہے، اقتدار سے دوری کے باعث عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، فارن فنڈنگ کا جواب نہیں تو نیا ایجنڈا شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شہبازگل کے بیان کی مذمت تک نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عثمان ڈار نے کہاکہ الفاظ کا چنا ئوٹھیک نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت شہبازگل کیساتھ کھڑی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کو شہبازگل کے بیان کی مذمت کرنے میں 24 گھنٹے لگے، وزیراعلی پنجاب نے جیل میں بیٹھے شہبازگل کو کیسے ڈانٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نہ جھکنے والا ہوں نہ بکنے والا ہوں، وزیر داخلہ پنجاب مجھے انگلی بھی لگا کر دکھائے، میرا جہاں دل کریگا پنجاب کے شہر میں جائوں گا، پنجاب حکومت ہمارے خلاف کارروائی کریگی تو سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شہدا کی قربانیوں پر سیاست کرتے ہیں، عمران خان کس منہ سے این آر او کی بات کرتے ہیں، ان سے مانگ کون رہا ہے، (ن) لیگ کے کسی رہنماء کیخلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، عمران خان کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فرح گوگی کو این آر او دیا، عمران خان کے بچے اور فلیٹ باہر ہیں اور ہمیں امپورٹڈ حکومت کہتے ہیں، عمران خان ایسے بنتے ہیں جیسے ان کے بچے میانوالی میں پڑھتے ہیں۔

عطا تارڑنے کہا کہ شہباز گل کی جیب سے گرین کارڈ نکلا ہے، وہ امریکا کے رہائشی ہیں، شہبازگل نے اپنا نام بھی پورا نہیں لکھا۔ انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی اپنے باپ کا بگڑا ہوا لاڈلا ہے، بگڑے ہوئے لاڈلے کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ہاکی سٹیڈیم قوم کے ٹیکس سے بنا ہے، پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے کروڑوں روپے کی ٹرف اکھاڑ دی گئی، ہاکی سٹیڈیم کی ٹرف اکھاڑنے پر نیب کا کیس بنتا ہے، ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف اکھاڑنے پر ہائیکورٹ جا رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات