عوامی شکایات کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیلئے ڈویژنل سطح پر سٹیزن پورٹل کی طرز پر کمپلین سسٹم بنائیں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار الیاس تنویر

منگل 16 اگست 2022 22:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے نفاذ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں جس سے عام آدمی کے مسائل حل ہونگے اور ریاستی امور میں بہتری آئے گی، عوامی شکایات کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیلئے ڈویژنل سطح پر سٹیزن پورٹل کی طرز پر کمپلین سسٹم بنائیں گے جس میں موصول ہونے والی شکایات 15 دن کے اندر یکسو کی جائیں گی، ریاستی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا، حکومت ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے دیگر اقدامات بھی اٹھائے گی لیکن ملازمین بھی اپنے فرائض منصبی محنت،لگن اور جانفشانی سے انجام دیں تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری افسران اور ملازمین عوام کی خدمت کے لیے مامور ہیں، سرکاری امور کی بہتری کے لیے پہلے سے ہی ایک جامع ضابطہ اخلاق طے کر لیا ہے، تمام سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنشن میں اضافے اور مہاجرین گزارہ الاونس میں اضافہ کا بھی نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔

حکومت شہریوں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، آزاد خطہ میں گڈ گورننس کا قیام ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ریاستی آمدن میں اضافے کیلئے سیاحت سمیت دیگر شعبہ جات کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے فنی تربیت کو فروغ دیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں بجٹ میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورننس کو بہتر بنا کر ریاست کی تعمیر و ترقی کے راستے پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ان وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ہم اس خطہ کی تقدیر بدلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر خطے کی تعمیر وترقی اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے تاریخی کردار ادا کررہی ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، آزادخطہ کے دیرینہ مسائل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں حل ہوں گے، آزادخطہ میں موجود سیاحت، ہائیڈل اور منرلز کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کیلئے بجٹ میں منصوبے رکھے گئے ہیں۔