Live Updates

سینٹ اجلاس ،سینیٹر بہرہ مند تنگی اور سینیٹر مشتاق احمدو زیر داخلہ رانا ثناء اللہ پر برس پڑے

وزیر داخلہ نے تین مرتبہ میرے سوال کو موخر کیا،پارلیمان کی توقیر یہ ہے کہ متعلقہ وزیر سوالات کے جواب دے، سینیٹر بہرہ مند تنگی

جمعرات 18 اگست 2022 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2022ء) سینٹ اجلاس کے دور ان سینیٹر بہرہ مند تنگی اور سینیٹر مشتاق احمدو زیر داخلہ رانا ثناء اللہ پر برس پڑے ۔ جمعرات کو سینٹ اجلاس کے دور ان سینیٹر سینیٹر بہرہ مند تنگی نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیر داخلہ نے تین مرتبہ میرے سوال کو موخر کیا۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمان کی توقیر یہ ہے کہ متعلقہ وزیر سوالات کے جواب دے۔

انہوںنے کہاکہ پھر بھی ملک شہادت اعوان کے جوابات سے مطمئن ہوں۔ اجلاس کے دور ان ملک شہادت اعوان نے کہاکہ کوشش ہوتی ہے کہ سوال کنندہ رکن کو جواب سے مطمئن کروں، پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کیلئے کام کررہے ہیں 46 ممالک میں ویزہ فری انٹری ہے۔سینیٹر مشتاق احمد نے وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمان کو عزت دینی چاہیے، وزیر داخلہ چاہے نیا ہو یا پرانا پارلیمنٹ میں داخل نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی نے کہاکہ 2003 سے یہی سوال ہے قانون بناتے ہیں عملدرآمد نہیں ہوتا ،آنکھوں پر پٹی باندھ لیتے ہیں جیسے شہباز گل کے آنکھوں پر پٹی باندھی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے دارالحکومت میں ہم گدا گری لعنت دور نہیں کر سکتے ،یہ لڑائی ختم کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اجلاس کے دور ان سینیٹر مشتاق احمد نے کہاکہ شناختی کارڈز اور پاسپورٹ نہیں ،وہاں خواتین کو مسئلہ ہے، ہیلتھ کارڈ اور دیگر سہولیات تک رسائی نہیں ہے ،نادرا نے قبائلی اضلاع میں خواتین کو کیوں تعینات نہیں کیا ہوا ۔

شہادت اعوان نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ قبائلی علاقوں کے سنٹرز میں خواتین ہیں ،ملازمین کی کل تعداد 268ہیں جن میں 224مرد اور 44خواتین ہے ،ان علاقوں میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوتی لیکن ہم چاہتے ہیں وہاں خواتین کو سہولیات میسر ہوں ،وہاں پر جیسے ہی وکینسی آئے گی تو ہم اپنی پڑھی لکھی بہن بیٹیوں کو بھرتی کریں گے۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے وزارتوں کے افسران کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا اور ہدایت کی کہ وزارتوں کے افسران کی حاضری لگائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ وزارتیں اپنے افسران بھیجنے کی پابند ہیں۔انہوںنے کہاکہ تمام وزارتوں کو نوٹس کریں کہ خیبرپختونخوا لکھا جائے۔ اجلاس کے دور ان عظم سواتی کی تقریر کے دوران حکومتی بینچز پر شدید احتجاج کیا گیا ۔سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہاکہ یہ عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ،ان کے الیکشن کمیشن نے ان کو سرٹیفائیڈ چور ڈاکو ڈکلیئر کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن سے سابق وزیر اعظم سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوچکا ہے۔بہرہ مند تنگی کے ریمارکس پر پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج کیا ۔ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہاکہ میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ بتا رہا ہوں۔حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف چور چور کے نعرے لگائے ۔ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو چور، ڈاکو اور لٹیرا ڈیکلیئر کیا، میرے لیڈر نے 14 سال جیل کاٹی اور آج اس کو چور کہتے ہیں۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ اس وقت سب سے بڑی بیماری کرپشن ہے ،قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے ،شہباز گل نے اگر غلط کہا ہے اس پر ایکشن ضرور ہونی چاہیے لیکن اس وقت تک کاروائی روک دیں جب تک پہلے والے لوگوں پر بھی کارروائی نہ کیا جائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات