سٹی نالہ کو منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد سے کلئیر کردیا گیا ہے، ڈی آئی جی کوئٹہ

جمعہ 9 ستمبر 2022 17:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2022ء) کوئٹہ پولیس نے شہر کے وسط میں واقع نالے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرکے کئی سالوں بعد منشیات فروشوں کا قائم 'راج 'ختم کردیا ہے گزشتہ روز کوئٹہ پولیس نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے سٹی نالے میں ایک آپریشن کےدوران منشیات فروشوں کے سرغنہ سمیت آٹھ منشیات فروشوں کو ہلاک کر دیا تھا یہ کارروائی صبح پانچ بجے شروع ہوئی جو تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی شہر کے بیچوں بیچ گزرنے والا یہ نالہ برطانوی دور میں برساتی پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔

کئی کلومیٹر طویل اس نالے کو حبیب نالہ بھی کہا جاتا ہے یہ شہر کے ریڈ زون سے بھی گزرتا ہے اور یہاں سے گورنر، وزیراعلیٰ ہاؤس، صوبائی اسمبلی سمیت اہم سرکاری عمارتیں چند سو فٹ کی دوری پر ہیں گزشتہ چند دہائیوں سے سٹی نالہ منشیات کے عادی افراد اور منشیات فروشوں کا گڑھ بن گیا تھا منشیات فروشی، چوری، ڈکیتی اور قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث افراد نے بھی اسے ٹھکانہ بنا رکھا ہے پولیس کے مطابق آپریشن میں مارا جانے والا ’گینگ کا سرغنہ زیادہ تر نالے میں ہی رہتا تھا اور اس نے مختلف داخلی راستوں پر مورچے بنا کر مسلح لوگ بٹھا رکھے تھے جو 24 گھنٹے پہرہ دیتے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ’منشیات فروشوں کے پاس جدید اسلحہ تھا جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کسی بھی کارروائی کے دوران استعمال کیا جاتا تھا پولیس نے اس بار باقاعدہ حکمت عملی کے ساتھ تربیت یافتہ اہلکاروں کے ساتھ کارروائی کی اور کامیاب رہی اور اب سٹی نالہ کو منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد سے کلئیر کردیا گیا ہے ڈی آئی جی کے مطابق یہ نالہ پانچ تھانوں کی حدود سے گزرتا ہے، منشیات کے عادی افراد اور منشیات فروشوں کا دوبارہ گڑھ بننے سے محفوظ رکھنے کے لئے نالے کے اندر اور داخلی راستوں پر پولیس چوکیاں قائم کی جائیں گی جن پر چوبیس گھنٹے پولیس اہلکار تعینات رہیں گے ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ معاشرتی جرائم کے خاتمے میں عوام پولیس کا ساتھ دیں اور مستقبل کے معماروں کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔