Live Updates

ایسا کوئی کیس نہیں جس میں عمران خان کو نا اہل کیا جائے،بابر اعوان

عمران خان کے ضمنی انتخابات میں جیتنے کے خوف سے پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ گئی،رہنما تحریک انصاف

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 13 ستمبر 2022 13:13

ایسا کوئی کیس نہیں جس میں عمران خان کو نا اہل کیا جائے،بابر اعوان
پشاور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر 2022) قانون دان اور تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے عمران خان کیخلاف 18 ایف آئی آرز درج کی ہیں،حکومت اب عمران خان کو نا اہل کرنے کی کوشش میں ہے،ایسا کوئی کیس نہیں جس میں عمران خان کو نا اہل کیا جائے،پی ڈی ایم کو مایوسی ہو گی۔ بابر اعوان نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم کو جب پتہ چلا عمران خان 9 نشستوں سے جیت جائیں گے تو حکمران اتحاد الیکشن سے ہی بھاگ گیا،الیکشن کمیشن نے سیلاب کا بہانہ بنایا،ملتان اور پشاور میں سیلاب کہاں آیا؟حکومت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کیلئے خط لکھا۔

اے این پی اپنی پوزیشن واضح کرے اور بتائے کہ وہ حکومت ہے یا نہیں؟ انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت عمران خان کیخلاف کیس پر بات نہیں کرنا چاہتا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کو بولنے کا موقع نہیں دیا گیا،آئندہ سماعت پر عمران خان اپنا بیان دیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پشاور ہائیورٹ میں این اے 35 بنوں الیکشن 2018 میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس قیصر رشید خان اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے درخواست پر سماعت کی،عمران خان کی جانب سے بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔

بابراعوان نے کہا کہ اس کیس میں اپنا جواب جمع کرا چکے،کیس خارج کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آخری موقع دیتے ہیں،آئندہ سماعت پر پیش نہیں ہوئے تو دستیاب ریکارڈ پر فیصلہ کریں گے۔عدالت نے سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ ادھر سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کل ملک کے سیاسی مستقبل اور جمہوریت کی بحالی کا ایک عملی فارمولا پیش کیا ہے۔ فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ فارمولے پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،ملک کی اقتصادی حالت مزید سیاسی عدم استحکام کا بوجھ نہیں اٹھا سکے گی،انتخابات کرانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ کا موجودہ اسٹیٹس کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات