Live Updates

مجھے عمران خان کی گرفتاری سے کوئی دلچسپی نہیں،خواجہ سعد رفیق

چیئرمین پی ٹی آئی جو کریں گے قانون اس کا حساب خود لے گا،تحریک انصاف میں شخصی آمریت ہے،وفاقی وزیر ریلوے کی میڈیا سے گفتگو

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 12 اکتوبر 2022 12:23

مجھے عمران خان کی گرفتاری سے کوئی دلچسپی نہیں،خواجہ سعد رفیق
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 12 اکتوبر2022ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مجھے عمران خان کی گرفتاری سے کوئی دلچپسی نہیں،عمران خان جو کریں گے قانون اس کا حساب خود لے گا۔عمران خان کا اب بھی بس چلے تو اپنے مخالفین کو کچا چبا جائے۔ خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔

ہمارے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے اور ہم نے انتقامی سیاست کو برداشت کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی،عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی میں شخصی آمریت ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اصول اور سچائی سے کوئی تعلق نہیں۔سربراہ پی ٹی آئی نے سازش کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے،شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے متعلق معاملے پرجوکیا سب نے دیکھا۔

سابق وزیر اعظم آڈیو کو ٹیسٹ کروائیں لیکن دعوے نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی نے بھی کہہ دیا کہ کوئی سازش نہیں تھی۔ واضح رہے کہ گزشہ روز وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اگر کسی جتھے کی قیادت کرکے آتے ہیں تو گرفتار کیا جاسکتا ہے،لانگ مارچ اور دھرنا آرمی چیف کی تعیناتی سے جڑا ہے، حکومت نے لانگ مارچ بھرپور طریقے سے روکنے کا انتظام کیا ہوا ہے، اسٹیبلشمنٹ سمیت ہر محب وطن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، اگر ہمیں جتھے کے ذریعے نکالا گیا توپھر ہم بھی الیکشن کی تیاری کی بجائے 6ماہ بعد ہم بھی جتھہ لے کر آجائیں گے۔

انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آڈیو لیکس کی ابھی تک کی فائنڈنگ یہ ہیں کہ ابتدائی رپورٹ کا ڈسپلنری کمیٹی کے اجلاس میں جائزہ لیا گیا کہ یہ سب کس طرح ہوا ہوگا، اس ایک چیز واضح سامنے آئی ہے کہ اس میں کوئی انٹرنل ایجنسی ملوث نہیں ہے، ایسا بھی نہیں ہے کہ ایسی ڈیوائسز ایجاد ہوچکی ہیں کہ یہ آڈیو پتا نہیں کتنے کلومیٹر باہر بیٹھ کر سنی جاسکتی ہیں،اس میں انفرادی چیزوں سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی،فون ہیکنگ اور ڈیوائس پر ابھی انکوائری بند کی ہے، اب ملازمین سے انکوائری میں پوچھ گچھ کی جائے گی، انکوائری کے بعد آڈیو لیکس کی ویری فیکیشن اور فرانزک بھی کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات