ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار سپاہی محمد رمضان شہید ہوگئے، ترجمان سندھ رینجرز

ہفتہ 15 اکتوبر 2022 20:49

ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار سپاہی محمد رمضان شہید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2022ء) رینجرز اہلکار سپاہی محمد رمضان شہید ہوگئے، وہ جناح ہسپتال زیر علاج تھے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کوہی گوٹھ میں مورخہ 5اکتوبر کو جرائم پیشہ افرادکا تعاقب کرتے ہوئے ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار سپاہی محمد رمضان شہید ہوگئے۔

شہیداہلکار سپاہی محمد رمضان جناح ہسپتال کراچی میں زیر علاج تھے۔دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔

(جاری ہے)

شہید کی نماز جنازہ رینجرز ہیڈکواٹرمیں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔بعد نماز جنازہ شہید کے جسد خا کی کو آبائی گائوں بھٹ شاہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیاگیا۔شہیدمحمد رمضان چار سال قبل پاکستان رینجرز سندھ میں بطور سپاہی بھرتی ہوئے تھے اور جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دئیے۔ سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان برقراررکھنے کے لیے کراچی آپریشن سمیت دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں سندھ رینجرز کے ابتک 147افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔