صدر مملکت سیاسی استحکام کیلئے کردار ادا کریں، فائق شاہ

تمام اداروں سے ملکر روڈ میپ دیا جائے، مکالمے اور مذاکرات کی طرف آنا ہو گا‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

پیر 31 اکتوبر 2022 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2022ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی استحکام کیلئے تمام اداروں سے مل کر کردار ادا کریں، اور آئندہ کا جامع لائحہ عمل اور روڈ میپ دیں، سیاسی عدم استحکام مزدور، تاجر اور صنعتکار کیلئے پریشان کن ہے۔محمد فائق شاہ نے کہا کہ اپنی تاریخ سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے قائد اعظم محمد علی جناح نے مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو جمہوری اور قانونی اقدار کی طرف لایا تھا، منزل حاصل کر کے دکھائی، سیاسی جماعتوں کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے، انتخابی اصلاحات کا ایسا نظام لایا جائے جو کرپشن، شخصی سیاست اور رسہ کشی سے نجات دلائے، ایک مضبوط نیٹ ورک خود کرپشن کی سرکوبی کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک عام آدمی انتخابات میں حصہ لینے کے قابل نہیں ہوگا اور دولت، دھونس اور دھاندلی کا شور ختم نہیں ہو گا ایک نمائندہ حکومت نہیں آسکتی، اس سے نکلنے کے لئے تمام اداروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے، صدر مملکت اس کی قیادت کریں اور وہ فیصلے کرے جس سے عوام کے تمام طبقات کی نمائندگی ہو۔ محمد فائق شاہ نے کہا کہ مزید حادثات اور سیاسی افراتفری سے دشمنوں کو موقع ملے گا، وہ اس افراتفری میں پاکستان کیلئے مہم جوئی کرے گا۔ محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی ایک جامع لائحہ دے چکی ہے جس پر عملدرآمد کیا جائے۔