اقوام متحدہ کا ماحولیاتی تباہی سے متاثرہ ممالک کیلئے ’’ڈیمج اینڈ لاس" فنڈ بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، کرن بلوچ

پیر 21 نومبر 2022 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات اوروزارت اورسیز پاکستانیزاور انسانی ترقی کی فوکل پرسن برائے ای او بی آئی کرن بلوچ نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ عالمی کانفرنس میں پاکستان کے موقف کی پذیرائی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو ذرداری کو مبارکباد پیش کی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ماحولیاتی تباہی سے متاثرہ ممالک کیلئے ’’ڈیمج اینڈ لاس" فنڈ بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، آج پاکستان کی خارجہ پالیسی میںچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئی جان ڈال دی ہے، ان کی محض چند ماہ کی کامیاب خارجہ پالیسی کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری اور ان کے محکمے نے سر توڑ محنت کی، امریکہ، یورپ اور مشرق وسطی ہر خطے کے مفکرین چیئرمین پی پی پی کی خارجہ پالیسی کو سراہتے دکھائی دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی کا دنیا بھر کے رہنمائوں کے اجلاس کی قیادت کرنا پورے پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

درایں اثناء کرن بلوچ نے شہید شاہنواز بھٹو کو انکی 64 ویں سالگرہ پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو خاندان پاکستان کی سیاسی تاریخ کے شہدائے جمہوریت کا سرخیل ہے، شہید شاہ نواز بھٹو نے قائد عوام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی حقوق کی جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے اور جیالیاں شہید شاہنواز بھٹو کے مشن کو مکمل کرینگے۔انہوں نے مخدوم امین فہیم کی ساتویں برسی پربھی انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہو ئے کہا کہ مرحوم رہنماء نے ہر طرح کے حالات میں پیپلز پارٹی سے وابستگی یقینی رکھی ،وہ شہید بھٹوز کے وفادار ساتھی تھے۔