کوشش ہے تمام جماعتیں ایک پیج پر آ کر بلدیاتی الیکشن سے متعلق لائحہ عمل بنائیں،گورنر سندھ

پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو ایڈمنسٹر شپ دینے سے انکار نہیں کیا،میری دلی خواہش ہے فاروق ستار پارٹی میں واپس آ جائیں،کامران ٹیسوری

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 28 نومبر 2022 12:43

کوشش ہے تمام جماعتیں ایک پیج پر آ کر بلدیاتی الیکشن سے متعلق لائحہ عمل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 28 نومبر 2022ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں۔حلقہ بندیوں میں تاخیر ایم کیو ایم،پیپلز پارٹی میں مذاکرات اور معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ ہیں،میری دلی خواہش ہے کہ فاروق ستار پارٹی میں واپس آ جائیں۔ کامران ٹیسوری نے اے آر وائے نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم کو حلقہ بندیوں پر شدید اعتراضات ہیں،حلف اٹھانے سے پہلے حلف بندیوں کا جائزہ لیا تھا جو متنازع اور انصاف پر مبنی نہیں۔

حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم اور پی پی مذاکرات کر رہی ہے،جلد کوئی پیشرفت سامنے آ جائے گی۔کوشش ہے کہ تمام جماعتیں ایک پیج پر آ کر بلدیاتی الیکشن سے متعلق لائحہ عمل بنائیں،پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو ایڈمنسٹر شپ دینے سے انکار نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر شپ اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹر کیلئے پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔ گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پی پی کے دوست راضی ہیں اور اس حوالے سے کئی بار ایم کیو ایم کو پیغام بھی پہنچایا۔

پیپلز پارٹی چاہتی ہے پہلے حلقہ بندیوں،مالی اور انتظامی معاملات حل ہوں،اسکے ایڈمنسریٹر بھی لگ جائیں گے۔جو اِ دھر اُدھر بھٹک رہیں انہیں ایک جگہ لانے کیلئے کام کر رہا ہوں۔ کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ سب کو ایک جگہ آ کر ایک پلیٹ فارم پر ملک،صوبے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے ڈیڈ لائن دی،سیاسی جماعتیں راستہ نکالیں،اسٹیک ہولڈرز بیٹھے اور الیکشن کمیشن کو بھی آن بورڈ لیں۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک میں ابھی سیاسی اور معاشی عدم استحکام ہے،70 سال بعد بھی ہم ماضی کے مسائل پر بات کر رہے ہیں،ہماری برآمدات کیوں نہیں بڑھیں؟ ایسا لگتا ہے کہ معیشت کا پہیہ رکا ہوا ہے۔لوگوں کو بتائیں ہم پاکستان کی ترقی کیلئے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔