Live Updates

پی ڈی ایم جماعتیں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کریں گی

ان ہاؤس تبدیلی کیلئے تحریک عدم اعتماد نہ لائے جانے کا امکان ہے،ق لیگ کے چھ ارکان کی چوہدری شجاعت کے کیمپ میں واپسی گیم چینجر بن سکتی ہے

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 5 دسمبر 2022 12:39

پی ڈی ایم جماعتیں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2022ء) حکومت نے پنجاب میں گورنر راج کے بجائے ان ہاؤس تبدیلی زیادہ مضبوط آپشن قرار دیا ہے،پی ڈی ایم جماعتیں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کریں گی۔ دنیا نیوز نے حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کیلئے تحریک عدم اعتماد نہ لائے جانے کا امکان ہے،پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کیا جائے گا اور اس حوالے سے آصف زرداری کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کا حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کا اتحاد اگر اعتماد کا ووٹ نہ لے سکا تو وزیر اعلٰی پنجاب کا انتخاب دوبارہ ہو گا جبکہ ق لیگ کے چھ ارکان کی چوہدری شجاعت کے کیمپ میں واپسی گیم چینجر بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ مارچ تک پنجاب اسمبلی نہیں توڑیں گے۔

عمران خان کو زبان دی ہوئی ہے،کچھ لکھ کر نہیں دیا،جب کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے4 ماہ تک کچھ نہیں ہونے والا۔عمران خان کو میر صادق میر جعفر نہیں کہنا چاہیے تھا۔مونس الٰہی نے بھی کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر تنقید نہ کی جائے،ہمیں اداروں پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔ہماری پالیسی ہی نہیں کہ اداروں کے خلاف بات کریں۔عزت دینے سے آپ کی عزت بڑھے گی،وزیراعلیٰ پنجاب نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ عثمان بزدار کا مجھے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور جہانگیر ترین نے بتایا تھا۔

نہ میں فیض حمید کو غلط کہوں گا نہ موجودہ حکومت کو۔فیض حمید صاحب کا ایشو عجیب طرح کاتھا۔اگر فیض حمید میری کچھ باتیں مان لیتے تو ہمارے 4سال ضائع نہ ہوتے۔انہوں نے کہا کہ ہم تو صرف کہہ سکتے ہیں آگے فیصلہ لیڈر شپ نے ہی کرنا ہے۔پرویز الٰہی نے انٹرویو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں سیاسی سفر عمران خان کے ساتھ ہے،انکی صرف آواز آنی ہے،میں نے کہنا ہے اسمبلیاں ٹوٹ گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات