Live Updates

عدالت نے عمران خان نا اہلی کیس حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کو مقرر کر دیا

اس کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دیں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 8 دسمبر 2022 11:25

عدالت نے عمران خان نا اہلی کیس حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کو مقرر کر دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2022ء) توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے نا اہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کو مقرر کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل علی ظفر،الیکشن کمیشن کے وکلاء اور مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ عدالت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مزید کوئی ایکشن لینے سے روک دے،الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کیلئے شکایت فائل کی ہے،الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہ کو ہٹانے سے متعلق بھی کارروائی شروع کردی۔

(جاری ہے)

نمائندہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہمیں تو عدالت نے پہلے ہی روک رکھا ہے ہم کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھا رہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ عدالت اس کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دے گی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کوششیں شروع کر دی گئیں،چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی کارروائی شروع کر دی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا نوٹس جاری کر دیا۔عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے کا کیس 13 دسمبر کو مقرر کر دیا گیا۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا اور فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنایا تھا،الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 ون پی کے تحت نااہل قراردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات