آصف زرداری سے دوبارہ دوستی ہو سکتی ہے

آصف زرداری سے اختلافات ایم کیو ایم سے اتحاد پر ہوئے تھے، ضلع بدین میں زرداری کا چورٹولہ مجھے ہرا نہیں سکتا۔سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 14 جنوری 2023 11:44

آصف زرداری سے دوبارہ دوستی ہو سکتی ہے
اسلام اباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری 2022ء ) سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے دوبارہ دوستی ہو سکتی ہے لیکن بدین میں بیٹھے ہوئے چوروں سے نہیں ۔ٹنڈو باگو میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ آصف زرداری سے اختلافات ایم کیو ایم سے اتحاد پر ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں زرداری کا چورٹولہ مجھے ہرا نہیں سکتا۔

واضح رہے کہ 2015 میں ناراضگی کے بعد ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے اپنے دوست اور بزنس پارٹنر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال ٹالپر پر سیاسی اور ذاتی الزامات بھی عائد کیے تھے، ایک ساتھی کی گرفتاری پر انھوں نے بدین میں پولیس تھانے کے عملے سے مبینہ طور پر بدتمیزی کی جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے کئی روز مرزا فارم ہاوٴس کا پولیس نے گھیراوٴ جاری رکھا تھا۔

(جاری ہے)

پپو شاہ اور یاسمین شاہ کی شمولیت کے موقعے پر فریال ٹالپر نے واضح کیا کہ وہ وزیر ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی سرکاری ذمہ داری ہے صرف وہ سیاسی معاملات دیکھتی ہیں انتظامی اشوز سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔علی بخش شاہ عرف پپو شاہ 1985 کے غیر جماعتی انتخابات سے لیکر نو بار قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات لڑ چکے ہیں، جس میں انھیں صرف دو بار صوبائی نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

اس سے پہلے وہ مسلم لیگ ق، مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ جونیجو میں رہ چکے ہیں۔عام اور ضمنی انتخابات میں پپو شاہ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ان کے فرزند حسنین شاہ جبکہ ان کی اہلیہ یاسمین شاہ فہمیدہ مرزا سے شکست کھاچکی ہیں۔ یاسمین شاہ کو 2002 میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب کیا گیا تھا۔پپو شاہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بھی انسان ہے جن نہیں۔بدین کی سیاست میں سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم اور مسلم لیگ فنکشنل بھی اثر رسوخ رکھتی ہے، ڈاکٹر مرزا کے لیے ارباب غلام رحیم کے ساتھ اتحاد ناممکن تو نہیں دشوار ضرور ہے جبکہ مسلم لیگ نے ابھی تک ڈاکٹر مرزا کے لیے اپنے دروازے بند رکھے ہیں۔