سندھ بلدیاتی انتخابات،مرکزی کنٹرول روم کے ممبران صورتحال سے آگاہی لیتے رہے

اتوار 15 جنوری 2023 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2023ء) سندھ بلدیاتی انتخابات دوسرے مرحلہ میں پولنگ کے عمل میں کسی قسم کے خلل یا رکاوٹوں کے حوالے سے شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازلہ کے لئے قائم مرکزی کنٹرول روم کا کمشن کے ممبران دورہ کر کے صورتحال سے آگاہی لیتے رہے۔ اتوار کو کراچی،حیدرآباد سمیت مختلف اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ کے لئے پولنگ کے دوران ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے مرکزی کنٹرول روم، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔

مرکزی کنٹرول روم میں اس وقت تک 2 عدد شکایات موصول ہوئیں تھیں۔دونوں پولنگ میں تاخیر کے حوالے سے تھیں جن کا فوری ازالہ کر دیا گیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ممبر سندھ نثار درانی نے بھی مرکزی کنٹرول روم، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

شکایت سیل میں فون کے علاوہ میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعے بھی شکایت کا از خود اندراج کیا جارہا ہے۔

میڈیا کے ذریعے اب تک 5 شکایت رپورٹ ہوئیں جن کا ازالہ ہو چکا۔ترجمان کے مطابق ممبر خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان نے بھی مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اس موقع پر ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی اور ممبر سندھ نثار درانی بھی موجود تھے۔ سینئر افسران نے ممبران کو اب تک موصول ہونے والی شکایت کی نوعیت اور ازالے کے حوالے سے بریفنگ دی۔