Live Updates

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ، پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران احتجاجی دھرنوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت 7فروری تک ملتوی

منگل 24 جنوری 2023 21:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران احتجاجی دھرنوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت 7فروری تک ملتوی کردی ۔ تحریک انصاف کے دھرنے اور احتجاج کے دوران راستوں اور تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے پہلے سے دائر 3الگ الگ رٹ پٹیشنوں کی سماعت منگل کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رئوف نے کی ۔

گزشتہ روز سماعت کے موقع پرتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور اسد عمر کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چودھری جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور آئی بی کے جوائنٹ ڈائریکٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ احتجاجی دھرنوں کے خلاف دائر درخواستوں پر انتظامیہ نے اب تک کیا کارروائی کی ہے جس پر سی پی او راولپنڈی نے عدالت کو بتایا کہ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے روڈ بلاک کرنے پر 45 افراد کے خلاف دو مقدمات درج کئے گئے ہیں جس پرعدالت نے لاءافسر کو مقدمات میں درج دفعات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

عمران خان اور اسد عمرکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان اور اسد عمر کا جواب ایک ہفتے کے اندر جمع کرائینگے جس پرعدالت نے تمام فریقین کو 7 فروری کو طلب کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی ۔ یاد رہے کہ راجہ خالد محمود نے ملک صالح محمد ایڈووکیٹ، صدر انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ شیخ محمد حفیظ نے کرنل (ریٹائرڈ) انعام الرحیم ایڈووکیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنماملک خالد نواز بوبی و چوہدری عبدالرحمن توکلی نے اسد عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے سڑکوں اور تعلیمی اداروں کی بندش کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے الگ الگ پٹیشنیں دائر کی تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات