پی ایس ایل 8 کی فول پروف سکیورٹی کی تیاریاں زور و شور سے جاری

لاہور میں 7 ہزار پولیس اہلکاروں سمیت 20 ہزار ملازمین سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیںگے، گیم ڈے پر ٹیم کی نقل و حرکت کے دوران سٹیڈیم کے اطراف میں ٹریفک میں خلل پڑیگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 27 جنوری 2023 16:52

پی ایس ایل 8 کی فول پروف سکیورٹی کی تیاریاں زور و شور سے جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2023ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی ایس ایل) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ آٹھویں ایڈیشن کے لیے سکیورٹی انتظامات پر کام شروع کر دیا ہے۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق کراچی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی وہ شہر ہیں جو ایک ماہ سے زائد طویل کرکٹ میلے کی میزبانی کریں گے۔ ایونٹ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے حکومت پنجاب ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچوں کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور میں 7 ہزار پولیس اہلکاروں سمیت 20 ہزار ملازمین سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ گیم ڈے پر ٹیم کی نقل و حرکت کے دوران سٹیڈیم کے اطراف میں ٹریفک میں خلل پڑے گا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا تھا کہ وہ تینوں شہروں میں ایلیٹ فورس کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 600 سے زائد ٹریفک افسران بھی تعینات کریں گے۔

کمشنر لاہور کو کلمہ چوک انڈر پاس کی جلد تکمیل کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے جو اس وقت زیر تعمیر ہے۔ خیال رہے کہ افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی جبکہ فائنل سمیت تمام پلے آف میچز لاہور میں ہوں گے۔ پی ایس ایل میچوں کے علاوہ، کراچی جنوری کے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور امریکہ میں مقیم ہیوسٹن ہریکینز ٹیم کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کی میزبانی بھی کرے گا۔