پشاور، کے پی کے سے قومی اسمبلی کے 16 حلقوں پر 19 مارچ 2023 کو ہو نے والے ضمنی انتخابات کے لئے ڈی آر اوز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا،ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر

پیر 6 فروری 2023 18:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2023ء) خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے 16 حلقوں پر 19 مارچ 2023 کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران ( ڈی آر اوز ) نے انتخابی قوانین کے مطابق آج (پیر) کوپشاور میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے ان سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والے ڈی آر اوز میں این اے 5 کے لئے جہانزیب خان، این اے 6 اور این اے 7 لوئر دیر کے لئے محمد اقبال ، این اے 8 ملاکنڈ کے لئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ، این اے 9 بونیر کے لئے اسلم خان، این اے 16 عزیز بہادر ،این اے 20 مردان ڈپٹی کمشنر مردان ، این اے28 اور این اے 30 پشاور سعید احمد خان، این اے 34 کرک کے لئے ڈپٹی کمشنر کرک ، این اے 40 باجوڑ کے لئے اجمل حفیظ نے حلف لیا۔

(جاری ہے)

جبکہ این اے 2 اور این اے 3 سوات کے لئے ڈی آر او فرید ، این اے 19 صوابی کے لئے رحم زادہ اور این اے 44 شاہد علی نے 16 مارچ کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔ ڈی آر اوز اپنے متعلقہ ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے ان کے عہدوں کا حلف لیں گے جبکہ ڈی آر اوز بعدازاں پریذائیڈنگ افسران سے حلف لیں گے۔

دوسرے مرحلے کے لئے جاری شیڈول کے مطابق 8 فروری کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے اور10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔15 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع اور 18 فروری تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 22 فروری تک متعلقہ ایپلیٹ ٹرائیبونل کے پاس جمع کرائے جاسکیں گی۔

ایپلیٹ ٹرائیبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 27 فروری تک کیا جائے گا جبکہ28 فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔ یکم مارچ تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 2 مارچ 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 19 مارچ 2023 کو ہوگی۔