مسلسل اور سخت پریکٹس سیشنز سے تیز ترین بالرزکی برق رفتار گیندوں سے نمٹنا آسان ہوجاتا ہے، اعظم خان

پیر 6 فروری 2023 18:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2023ء) اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹسمین اعظم خان نے کہا ہے کہ مسلسل اور سخت پریکٹس سیشنز سے تیز ترین بالرزکی برق رفتار گیندوں سے نمٹنا آسان ہوجاتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیشن کے دوران ابوظہبی کی مشکل وکٹوں پر تیز گیند بازی کے خلاف جدوجہد کر رہا تھا، مجھے احساس ہوا کہ مجھے تیز گیندوں کے خلاف کھیلنے کی اپنی صلاحیت پر کام کرنے کی ضرورت ہے، میں نے زیادہ سخت پریکٹس شروع کی جس سے میچ کے حالات میں رفتار سے نمٹنا آسان ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عام طور پر سمجھا جاتا تھا کہ میں 140 پلس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز گیندوں کے خلاف جدوجہد کرتا ہوں لیکن پچھلے دو سالوں سے میں نے کھیل کے اس پہلو کو کافی حد تک بہتر کیا ہے اور میں اس پر قابو پا کر مطمئن ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر میں نے محسوس کیا کہ مجھے تیز گیندوں کا سامنا کرنے سے ڈر لگتا ہے،میں نے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے)دیکھنا شروع کیا، جس نے مجھے بہت متاثر کیا اور میں نے سوچا کہ کرکٹ کی گیند ایک چھوٹی سی چیز ہے اور ہم اس سے ڈرتے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان نے پی ایس ایل میں 134.75 اسٹرائیک ریٹ سے 632رنز بنائے ہیں۔