Live Updates

حیات محمد خان شیرپاؤ نے ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کی، آفتاب احمد خان شیرپاؤ

پیر 13 فروری 2023 22:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2023ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے سابق گورنر شہید حیات محمد خان شیرپاؤ کو ان کی 48ویں برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیات محمد خان شیرپاؤ نے ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں شیرپاؤ ضلع چارسدہ میں سابق گورنر خیبر پختونخواشہید حیات محمد خان شیرپاؤ کی 48ویں برسی کے موقع پرایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قومی وطن پارٹی کے کارکنوں اور حیات شہید کے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے برسی کی تقریب میں شرکت کی۔اس سال برسی تقریب قیام امن اور پولیس لائنز شہدا سمیت دہشت گردی کے شکار تمام افراد کے نام منسوب تھی۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ شہیدحیات محمد خان شیرپاؤ نے تمام زندگی غریبوں اور پسے ہوئے طبقات کوحقوق دلانے کیلئے جدوجہد کی۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی وطن پارٹی شہید لیڈر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔

صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دہشت گردی کے واقعات کوپی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی نے نو سال صوبے پر حکومت کی لیکن جاتے جاتے صوبے کو بد امنی کے بھنور میں دھکیلنے کے علاوہ قرضوں کے انبار تلے دبا دیا۔انھوں نے کہا کہ صوبے کا قرضہ 97ارب روپے سے بڑھا کر 979ارب روپے تک پہنچا دیا۔

انھوں نے سوال اٹھایا کہ مرکز کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت کو دہشت گردی سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے دیئے گئے 417ارب روپے کہاں خرچ ہوئے؟ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ اقتدار کے حصول کیلئے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے لیکن جب وہ اقتدار میں تھے تو انھوں نے اپنی نااہلی کے سبب ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب،چین اور امریکہ کے ساتھ تعلقات خراب کئے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کو ہر طرف سازش نظر آتی ہے لیکن ان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک سازش کے تحت مسلط کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے اور وہ اپنی ناکامی تسلیم کرنے کی بجائے دوسروں پر ملبہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ریاست مدینہ کے نام پرلوگوں کوگمراہ کیا کیونکہ وہ ایک نااہل شخص اورکٹھ پتلی ہے جسے یوٹرن لینے کے سوا کچھ نہیں آتا۔

پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ جب عمران خان وزیر اعظم تھا تو اس وقت کے حکمرانوں نے چپ سادھ لی تھی اورکبھی بھی بجلی خالص منافع کے بقاجات اور دیگر حقوق کیلئے آواز نہیں اٹھائی اور بعد میں لوگوں کو بے وقوف بنانے کیلئے بے جا واویلا شروع کیا۔پی ٹی آئی کے لیڈران نے بد عنوانی کے خلاف اقدامات اٹھانے کا نام نہاد بیڑہ اٹھایا لیکن اب ان کی حکومت ختم ہونے کے بعد ان کے وزراء کے کرپشن کی کہانیاں زبان زد عام ہیں ، انھیں انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قوم کو مہنگائی کے دلدل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور آئی ایم ایف سے جاری بات چیت کے حوالے قوم کو صحیح صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات