براڈ شیٹ کو پاکستان سے بطور ہرجانہ ملنے والے 29 ملین ڈالر پر ہیج فنڈ کا دعویٰ مسترد

منگل 14 فروری 2023 13:41

براڈ شیٹ کو پاکستان سے بطور ہرجانہ ملنے والے 29 ملین ڈالر پر ہیج فنڈ ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2023ء) اثاثہ جات ریکورکرنے والی برطانوی فرم براڈ شیٹ کو پاکستان سے بطور ہرجانہ ملنے والے 29 ملین ڈالر پر ہیج فنڈکا دعویٰ مسترد کردیا گیا۔برطانوی نیم خود مختار ریاست آئل آف مین کی عدالت نے براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی کے حق میں فیصلہ سنادیا۔ہیج فنڈ نے پاکستان کی طرف سے ملنے والی 29 ملین پاؤنڈ کی تمام رقم کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، یہ رقم یو کے ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان نے براڈ شیٹ کو ادا کی تھی، رقم کی عدم ادائیگی پر عدالت نے پاکستان کے اثاثے ضبط کرنیکا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

ہیج فنڈ نے براڈ شیٹ کو 6 ملین ڈالرکیس لڑنے کیلئے فراہم کیے تھے، آئل آف مین کی عدالت نے اس کیس کا فیصلہ ہونے تک براڈ شیٹ کے لیکوڈیٹرز کو رقم کی تقسیم سے روک دیا تھا۔اس حوالے سے کاوے موسوی نے کہا کہ معاملہ زیر سماعت ہونے کے سبب کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، اس معاملے پر برطانیہ اورامریکا فارن کرپٹ پریکٹس اور برائبری ایکٹ کے تحت تحقیقات کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان نے نواز شریف خاندان اور دیگر سیاست دانوں کے مبینہ خفیہ اثاثوں کا پتہ لگانے کیلئے براڈ شیٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، پاکستان کی طرف سے براڈ شیٹ سے معاہدہ توڑے جانے کے سبب اب تک 65 ملین ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔