چیف جسٹس آف پاکستان نے آئندہ عدالتی ہفتہ میں مختلف کیسز کی سماعت کیلئے 6 ریگولر اور ایک خصوصی بینچ تشکیل دیا

ہفتہ 18 فروری 2023 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2023ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے 20فروری بروز پیر سے شروع ہونے والے آئندہ عدالتی ہفتہ میں مختلف اہم اور عام نوعیت کے کیسز کی سماعت کیلئے 6 ریگولر جبکہ ایک خصوصی بینچ تشکیل دیا ہے۔ عدالت عظمی کی طرف سے جاری کاز لسٹ کے مطابق پیر 20 فروری کو پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مخدوم فیصل صالح حیات کی قومی اسمبلی کی انتخابی عذرداری سے متعلق دائر، فلاحی مقاصد کیلئے مخصوص کردہ پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائنہ کٹنگ میں ملوث افراد کی ضمانت منسوخی سے متعلق نیب کی درخواست کی سماعت کرے گا۔

منگل 21 فروری کو چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ہزارہ کمیونٹی ٹارگٹ کلنگ از خود نوٹس کیس، مضر صحت اشیاء مثلاً گٹکا وغیرہ کے بنانے اور فروخت پر پابندی کیلئے دائر درخواست، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملازمین سروس مستقلی کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ عافیہ شہر بانو ضیاء کی سپریم جوڈیشل کونسل کے حوالی سے دائر آئینی درخواست سمیت گلگت بلتستان (جی بی) ججز کی تقرری کے دوران وزیر اعلی جی بی اور جی بی کابینہ سے مشاورت نہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تقرری کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

بدھ 22 فروری کو چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے انجنئیر سید الیاس کی دائر کردہ درخواست، اسلحہ (ایمونیشن) کی خریداری میں مبینہ کرپشن کے الزام میں ملوث سابق آئی جی کے پی کے کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق معاملہ سمیت وزارت فنانس کے ملازمین کی پینشن کے حوالے سے دائر کردہ مختلف درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

بدھ کو ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سانحہ کوئٹہ 2016ء کے متاثرہ وکلاء کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق کیس سمیت مذہبی جرائم اور الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016ء کے الزامات کے تحت گرفتار روحان احمد، عثمان احمد، طارق احمد شہزاد، ظہیر احمد اور شیراز احمد کی ضمانتوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ بدھ 22 فروری کو ہی جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ رفاہ عامہ کیلئے مختص پلاٹوں کو کمرشل اور رہائشی پلاٹ میں تبدیل کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے گا۔

جمعرات 23 فروری کو چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کہ سربراہی میں تین رکنی بینچ سندھ کول اتھارٹی اور دیگر اداروں میں کرپٹ عناصر کی موجودگی پر لئے گئے از خود نوٹس کیس، محکمہ پولیس میں سیاسی بنیادوں پر تقرریوں اور تبادلوں کے حوالہ سے دائر مختلف آئینی درخواستوں، شہدا پیکج کے حوالہ سے دائر درخواست، سروس برخاستگی سے متعلق کیس سمیت کوئٹہ شہر کے قریب کام کرنے والے سٹون کرشنگ پلانٹس کی منتقلی کے حوالہ سے دائر مختلف درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

جمعرات کو ہی جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ متاثرین اسلام آباد کیس کی سماعت کرے گا۔جمعرات 23 فروری کو ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ چئیرمین نیب اور نیب کو بدنام کرنے پر ایئر ویز میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ پر پیمرا کے جرمانہ سے متعلق کیس سمیت حج کرپشن کیس کے ملزمان سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی اور سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کے خلاف ایف آئی اے کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کرے گا۔ جمعہ 24 فروری کو عدالت عظمی میں روز مرہ سول، سروس، منشیات، فوجداری، بینکنگ، نیب اور ٹیکس سے متعلقہ کیسز زیر سماعت آئیں گے۔