Live Updates

عثمان ڈار کے بھائی کو 50 لاکھ کمیشن دیا،پی اے جاوید علی کا اعتراف

اتوار 26 فروری 2023 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2023ء) سابق چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام عثمان ڈار کے پی اے جاوید علی نے عثمان ڈار کے بھائی احمد ڈار کو 50 لاکھ روپے کمیشن دینے کا انکشاف کیا ہے۔ایک ویڈیو بیان میں جاوید علی نے کہا کہ این اے 67 کی 4 یونین کونسلز کے 5 ٹھیکیداروں سے 50 لاکھ روپے جمع کیے، 3 ماہ سے عثمان ڈار کا ڈیولپمنٹ کے لیے پی اے تھا، باجوہ اینڈ کمپنی کو 2 کروڑ روپے کا ٹھیکہ ملا، 20 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو دیا۔

جاوید علی کے مطابق زین باجوہ کمپنی کے پاس 50 لاکھ روپے کا ٹینڈر تھا، 5 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو دیا، خضر کنسٹرکشن کے پاس ایک کروڑ کا ٹینڈر تھا، 10 لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا، بلال کنٹریکٹر کے پاس 1 کروڑ کا ٹینڈر تھا، جس کا 10 لاکھ روپے کمیشن احمد ڈار کو پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیاقت بلڈرز کے پاس 50 لاکھ روپے کا ٹینڈر تھا، 5 لاکھ روپے کمیشن لے کر احمد ڈار کو پہنچایا، این اے 67 کی 28 یونین کونسلیں ہیں، 4 میں، میں کام کرتا تھا، 24 یونین کونسلوں کو خواجہ عمران دیکھتا تھا، وہ دس، پندرہ یا بیس فیصد کمیشن لیتا تھا۔

انہوںنے کہاکہ احمد ڈار نے کہا کہ تم ہمارے لیے اتنا کام کرتے ہو، تمہیں سرکاری نوکری دلاتا ہوں، میں کم پڑھا لکھا ہوں، جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ بنایا، محکمہ تعلیم میں احمد ڈار کے کہنے پر کاغذ جمع کرائے، انہوں نے میرا آرڈر کرایا۔جاوید علی نے کہا کہ گورنمنٹ ایلمنٹری ماڈل اسکول ڈالیاں میں نوکری کر رہا ہوں، اس کے عوض میں ٹھیکیداروں سے کمیشن جمع کر کے دیتا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے جاوید علی اور عثمان ڈار کو ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کی تھی اور الزام لگایا تھا کہ جاوید علی پر تشدد کر کے اس سے بیان لیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات