Live Updates

پولیس کا زمان پارک آپریشن میں گھریلو ملازمین پر بدترین تشدد

پولیس نے ڈرائیور شوکت کو مارا پیٹا اور 10 ہزار روپے چھین لیے، اس کے علاوہ پولیس کے اہلکاروں نے سوئیپر اسحاق پر بھی تشدد کیا، پی ٹی آئی کا دعوی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 18 مارچ 2023 22:49

پولیس کا زمان پارک آپریشن میں گھریلو ملازمین پر بدترین تشدد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مارچ 2023ء ) پولیس نے زمان پارک آپریشن میں گھریلو ملازمین پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے دعوی کیا ہے کہ پولیس نے ڈرائیور شوکت کو مارا پیٹا اور 10 ہزار روپے چھین لیے، اس کے علاوہ پولیس کے اہلکاروں نے سوئیپر اسحاق پر بھی تشدد کیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے زمان پارک آپریشن میں گھریلو ملازمین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور عمران خان کے باورچی سفیر کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے زمان پارک آپریشن پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب اور دیگر افسران پر توہین عدالت کا کیس کرنے کا اعلان کردیا۔ فواد چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے لاہور میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ جو زمان پارک میں ہوا وہ واضح طورپر دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کا کہناتھاکہ ہم پر کارکنوں کا دباؤ ہے کہ ملک گیر احتجاج شروع کیا جائے، کارکن فائنل تحریک کے لیے تیاری پکڑیں، شیر عدالت میں پیشی کے لیے جارہا تھا اور ان گیدڑوں نے گھر پر حملہ کیا ، اس وقت پاکستان میں جو ہو رہا ہے اس کی نہ آئینی اور قانونی توجیح ہے۔

شیریں مزاری نے کہاکہ ریاست کو بتانا پڑے گا کہ کیوں اپنے لوگوں کے خلاف دہشتگردی کررہی ہے؟ یہ ایک لندن پلان ہے دوسری طرف مریم کو اقتدار میں لانے کی اسکیم ہے، مریم نواز کس حیثیت سے عمران خان کی گرفتاری کی بات کرتی ہے، بی بی مریم بتاؤ آپ کون ہوتی ہو یہ بات کرنے والی ؟
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات