رمضان میں امارات سے عمرہ کی مانگ میں 3 گنا اضافہ

رمضان المبارک کے ساتھ موسم بہار کا وقفہ زائرین کی تعداد میں اضافے کا اہم محرک بن گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 مارچ 2023 10:48

رمضان میں امارات سے عمرہ کی مانگ میں 3 گنا اضافہ
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 مارچ 2023ء ) رمضان المبارک کے دوران متحدہ عرب امارات سے عمرہ پر جانے کے خواہشمندوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عمرہ کے لیے روانہ ہونے والی ٹریفک میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 گنا اضافہ دیکھا جا رہا ہے جب کہ رمضان کے مقدس مہینے سے پہلے بھی زائرین کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ رمضان کے ساتھ موسم بہار کا وقفہ زائرین کی تعداد میں اضافے کا ایک اہم محرک ہے، مکہ مکرمہ میں مقیم بیت العتیق حج خدمات، جس کا ذیلی دفتر شارجہ میں ہے، ایک ایسی ایجنسی ہے جو ملک میں رہنے والوں کے لیے عمرہ اور حج خدمات کی سہولت فراہم کرتی ہے، اسی کمپنی کے سی ای او شیبن رشید نے کہا ہے کہ ہم نے عمرہ کے لیے مقدس شہر مکہ مکرمہ جانے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا ہے، ہم پچھلے سال کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات سے کم از کم تین گنا زیادہ زائرین کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال ٹریفک زیادہ ہے کیوں کہ اسکولوں کی تعطیلات رمضان المبارک کے ساتھ ختم ہوتی ہیں، عام طور پر خاندان اپنے بچوں کو عمرہ کے لیے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں، بڑی تعداد میں پری بکنگ اس سے قبل عمرہ ایجنسیوں نے کی تھی، ایمریٹس ایئرلائنز، فلائی دبئی، ایئر عربیہ اور حتیٰ کہ سعودی عرب میں مقیم فلائی ناس کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ایئرلائنز بھی مسابقتی نرخوں کے ساتھ سامنے آئی ہیں، سعودی عرب کی جانب سے عازمین کے لیے کوویڈ پابندیاں اٹھانے کی وجہ سے بھی تعداد میں اضافہ واضح ہے، درحقیقت ہم نے اس سال درخواست کے عمل میں ایک بڑی بہتری بھی دیکھی ہے جس نے طریقہ کار کو آسان کر دیا ہے۔

دیرا ٹریولز کے جنرل منیجر ٹی پی سدھیش نے کہا کہ عمرہ کرنے کے خواہشمند لوگوں کے سوالات کی مانگ سپلائی کے مقابلے بہت زیادہ رہی ہے، واضح طور پر ایک بہت بڑی مانگ ہوئی ہے، آپ کے ہاں سکول کی چھٹیاں رمضان کے ساتھ بہت کم ہوتی ہیں، لیکن اس بار تعطیلات کی وجہ سے بہت سے دوسرے سفری منصوبوں کی طرح مذہبی سیاحت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ آپریٹرز کی جانب سے پیش کیے جانے والے پیکجز منافع بخش ہیں لیکن بھاری مانگ کی وجہ سے ان پیکجز کی قیمتیں ہر ہفتے بڑھ رہی ہیں، بہت سے لوگ رمضان کے پہلے یا آخری ہفتے میں سفر کرنا چاہتے ہیں، لہٰذا فلائٹ ٹکٹس، ٹرانسپورٹ خدمات یا رہائش کی دستیابی کے لحاظ سے طلب رسد سے زیادہ ہے، آنے والی تعطیلات کی وجہ سے ہم ان رہائشیوں کی طرف سے مجموعی طور پر 25 فیصد بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھ رہے ہیں جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے اس سال چھٹیاں گزارنا چاہتے ہیں۔