امارات میں بارش‘ رمضان المبارک سے پہلے موسم ٹھنڈا ہوگیا

متعلہ اداروں نے غیرمستحکم موسمی حالات کے باعث گاڑی چلانے والوں کے لیے الرٹ جاری کردیئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 مارچ 2023 13:47

امارات میں بارش‘ رمضان المبارک سے پہلے موسم ٹھنڈا ہوگیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 مارچ 2023ء ) متحدہ عرب امارات کے کچھ حصوں میں بارش کے باعث رمضان المبارک کے آغاز سے قبل موسم سرد ہوگیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارشیں ہوئیں جس کے باعث درجہ حرارت 19ºC تک گر گیا، موسمیات کے قومی مرکز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گاڑی چلانے والے بارش سے بھیگی سڑکوں پر جاتے ہوئے احتیاط سے ڈرائیونگ کریں کیوں کہ بارش کی وجہ سے کئی کاریں اور بھاری گاڑیاں بارش کے پھسلتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ آج صبح کے اوائل میں ملک کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) نے بارش، متحرک بادلوں کے لیے پیلے رنگ کا الرٹ جاری کیا، جس میں رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ بیرونی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی صورت میں محتاط رہیں، ملک کی وزارت داخلہ نے بھی اسی طرح کا الرٹ جاری کیا، جس میں گاڑی چلانے والوں سے کہا گیا کہ وہ غیر مستحکم موسمی حالات میں گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط برتیں تاکہ اپنی منزلوں پر محفوظ طریقے سے پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے بھی ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، رہائشیوں سے گزارش ہے کہ بارش کے موسم میں ہیڈلائٹس استعمال کریں اور سفر پر روانہ ہونے سے پہلے اپنی گاڑی کی بریکوں اور اپنی تمام لائٹس کو چیک کرنا نہ بھولیں۔ متحدہ عرب امارات میں ڈرائیوروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر مستحکم موسمی حالات میں گاڑی چلاتے ہوئے ہر وقت گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، یہ مشورے نا صرف کسی گاڑی چلانے والے کی اپنی یا کسی اور کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی وجہ سے دیے جاتے ہیں بلکہ ٹریفک قوانین کی وجہ سے بھی سامنے آتے ہیں جن کی خلاف ورزی کے نتیجے میں بلیک پوائنٹس اور گاڑی کی ضبطگی کے ساتھ 2 ہزار درہم تک کے بھاری جرمانے ہو سکتے ہیں۔