Live Updates

عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی تاحال لاپتہ

اظہر کی گمشدگی سیکورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ، وزیراعظم سمیت پوری حکومت خاموش

zeeshan aziz سید ذیشان عزیز جمعہ 24 مارچ 2023 21:40

عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی تاحال لاپتہ
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 24 مارچ 2023ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن ڈیجٹل میڈیا اظہر مشوانی کل دوپر دو بجے سے تاحال لاپتہ ہیں ، تحریک انصاف کے مطابق اظہر مشوانی پر پورے ملک میں کہیں بھی کوئی مقدمہ تاحال سامنے نہیں آیا۔ اظہر مشوانی کے مبینہ اغوا پر پورے ملک میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے اور اس وقت سوشل میڈیا پر "#ReleaseAzharMashwani" ٹاپ ٹریند بنا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر مختلف ٹوئیٹس بھی کی جا رہی ہیں جس میں بتایا جا رہا ہے کہ اظہر مشوانی کا واٹس ایپ کل رات نو بجے کے بعد تک ایکٹیو تھا تاہم اظہر صبح دو بجے سے لاپتہ ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اظہر مشوانی کی فون کی لوکیشن پہلے لاہور تھی پھر راولپنڈی اور اب فون بند ہوچکا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس وقت حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے کہ اظہر مشوانی کے معاملے پر وزیر اعظم سمیت پوری حکومت اور سیکورٹی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور تاحال کسی کی جانب سے اظہر کی بازیابی بارے کوئی اقدامات نہیں کیئے جا رہے۔

(جاری ہے)

عوام کی جانب سے یہ مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے کہ کسی کو اس کی نظریات یا سیاسی پارٹی کا رکن ہونے پر اس طرح دن دیہاڑے اغوا کر لینا جہموری ملک میں جمہوریت کی توہین ہے۔
آئین کے آرٹیکل 10 کے مطابق " جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہو، مذکورہ گرفتاری کی وجوہ سے، جس قدر جلد ہو سکے، آگاہ کئے بغیر نظر بند نہیں رکھا جائے گا۔ مذکورہ گرفتاری سے چوبیس گھنٹہ کے اندر کسی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا لازم ہو گا۔

"
اس معاملے پر مغوی اظہر مشوانی کی والدہ کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ، جس میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے اظہر مشوانی کی گمشدگی کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مغوی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے سینئر صحافی صدیق جان کو بھی ان کے دفتر کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا تھا اور پولیس کی جانب سے ان پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا تھا جسے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ختم کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت ان کے حامیوں اور کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ اظہر مشوانی کو لاپتہ ہوئے اب چوبیس گھنٹے سے زاِئد گزر چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے مطابق کہیں سے ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات