مفت آٹے کے مرکزپرآنے والا کوئی بھی مستحق شخص بغیر آٹے کے واپس نہیں لوٹنا چاہیے، وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ہدایت

ہفتہ 25 مارچ 2023 22:37

مفت آٹے کے مرکزپرآنے والا کوئی بھی مستحق شخص بغیر آٹے کے واپس نہیں لوٹنا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2023ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے واضح ہدایت کی ہے کہ مفت آٹے کے مرکز پر آنے والا کوئی بھی مستحق شخص بغیر آٹے کے واپس نہیں لوٹنا چاہیے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہونے والے مستحق افراد کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے،آٹا تقسیم مراکز پر نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز فوری قائم کریں،رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے،مفت آٹے کے معیار میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے،لاہور , قصور اور سرگودھا کے بعد دیگر شہروں میں آٹے کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لوں گا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ مفت آٹا اسکیم پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں جاری ہے جس سے اہل خاندانوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد میں مفت آٹے کے حصول کو بہتر بنانے کے لیے مفت آٹا مراکز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی کے عمل میں بہتری لانے کے لیے خود شہروں کا دورہ کر رہا ہوں۔ لاہور ، قصور اور سرگودھا کے بعد دیگر شہروں میں آٹے کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لونگا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایسے اہل افراد جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں اور اس وجہ سے مفت آٹا حاصل نہیں کر پا رہے انکی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آٹا تقسیم پوائنٹس پر نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز فوری قائم کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کوئی بھی مستحق شخص جو مفت آٹے کے مرکز پر آتا ہے اسے آٹا لازمی ملنا چاہیے اور اس حوالے سے متعلقہ ادارے تمام یقینی اقدامات کریں۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ، سابق اراکین قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری،انجم عقیل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔