Live Updates

عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں، سعد رفیق

2018ء میں عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہوتا‘ سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی، چیخنا چلانا کچھ کام نہیں آئے گا، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائے گا۔ وزیر ریلوے کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مارچ 2023 14:05

عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں، سعد رفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اقتدار کے لیے فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں، دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر اکائونٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ 2018ء میں عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہو تا، تمہاری 4 سال کی حکمرانی نے معاشی بنیادیں ہلا دیں، تمہاری 4 سال کی حکمرانی سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا۔


خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سابقہ منظور نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کے لیے بطور مہرہ استعمال ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، شخصی اقتدار کے لیے عمران خان پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)


وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کے لیے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پراپیگنڈا پھیلایا گیا، دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی، سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی لیکن اب چیخنا چلانا قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا، ظلم، جھوٹ، سازش، لوٹ مار کا حساب دئیے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات