پنجاب میں کم سے کم اجرت میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا

اجرت 25 ہزار سے بڑھا کر 32 ہزار روپے کر دی گئی، نوٹیفیکیشن جاری، اجرت میں اضافے کا اطلاق فوری ہو گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 30 مارچ 2023 15:37

پنجاب میں کم سے کم اجرت میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2023ء ) پنجاب میں کم سے کم اجرت میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نئے نوٹیفیکیشن کے مطابق کم سے کم اجرت 25 ہزار سے بڑھا کر 32 ہزار روپے کر دی گئی۔اجرت میں اضافے کا اطلاق فوری ہو گا۔اجرت میں اضافے کا مقصد مہنگائی میں مزدور طبقے کو ریلیف دینا ہے۔اس کے علاوہ بھی حکومت مہنگائی کی ستائی عوام کے لیے مختلف اقدامات کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مفت آٹے کی تقسیم بھی انہیں میں سے ایک قدم ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت رات گئے وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے میں مفت آٹے کی تقسیم اورسینٹرز پر شہریوں کی سہولت کیلئے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا،اجلاس میں رمضان المبارک کے آئندہ ہر جمعتہ المبارک کے موقع پرپنجاب میں آٹا ڈسٹری بیوشن سینٹرز بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ نے ڈویژنل کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرز کی سفارشات پر آٹا ڈسٹری بیوشن سینٹرز بند رکھنے کی منظوری دی،جس کے تحت رمضان المبارک کے آئندہ آنے والے ہر جمعتہ المبارک پر پنجاب کے آٹاڈسٹری بیوشن سینٹرز بند رہیں گے۔محسن نقوی نے انتظامیہ کو آٹے کی تقسیم کے عمل کو مزید محنت سے جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سینٹرز پرشہریوں کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

بے نظمی اوردھکم پیل کسی صورت برداشت نہیں۔سینٹرز پر اضافی پولیس نفری تعینات کر کے آٹے کی تقسیم کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے۔چیف سیکرٹری، سیکرٹری فوڈ،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈائریکٹر فوڈ،سیکرٹری عملدر آمد وزیراعلی،سیکرٹری کو آرڈینیشن وزیراعلیٰ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،ڈپٹی کمشنرلاہوراور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔