Live Updates

سپریم کورٹ کا جو بینچ تحلیل ہوا اس سے آئین کو چیلنج ملا ہے،فواد چوہدری

حکمران ملک میں سول وار لانا چاہتے ہیں،یہ ایک حد سے تجاوز کریں گے تو معاملات ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے،رہنما تحریک انصاف

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 30 مارچ 2023 15:42

سپریم کورٹ کا جو بینچ تحلیل ہوا اس سے آئین کو چیلنج ملا ہے،فواد چوہدری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2023ء) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو بینچ تحلیل ہوا اس سے آئین کو چیلنج ملا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ آئین کہتا ہے 90 روز میں الیکشن ہونے ہیں،پاکستان میں ان تین ماہ میں کیا معجزہ ہو جائے گا کہ سب ٹھیک ہو جائے،آج سپریم کورٹ کو شکست دینے کی کوشش ہو رہی ہے۔

تمام کھلاڑی سپریم کورٹ کے ججز کو تقسیم کر رہے ہیں،ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے اس سے پاکستان کا آئین ختم ہو جائے گا،ملک کو جبر اور ظلم کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹ سے لیکر سپریم کورٹ کے ججز تک دباؤ ڈالا جا رہا ہے،ہم آئین اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں،حکمران ملک میں سول وار لانا چاہتے ہیں،اس سے ملک بہت بڑے بحران کا شکار ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ہم ابھی بھی امن کے راستے پر ہیں،حکمران ایک حد سے تجاوز کریں گے تو معاملات ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے،ملک کو مسائل سے بچانے کا واحد حل آئین پر عمل کرنے میں ہے۔ جبکہ اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے بول رہے ہیں کہ آئین خطرے میں ہے،کوئی ایسی چیز ہی موجود نہیں کہ قوم کو اکٹھا رکھا جائے،اس کا مطلب ہے حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرات پیدا کر رہی ہے۔

جب آئین توڑتے ہیں تو وہ معاہدہ جس پر قوم زندگی گزار رہی ہے وہ ٹوٹ جاتا ہے،آئین پر عمل کرانے کی ذمہ داری سپریم کورٹ کے پاس ہے۔ تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ اگر بیرونی طور پر چیف جسٹس دباؤ ڈالا جائے تو قومی سلامتی اور آئین پر حملہ ہے،ایک دم قانون سازی کر کے سپریم کورٹ کے رولز بدل جا رہے ہیں،پی ڈی ایم سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں قائم ہوئی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات