ملتان اورگردونواح میں طوفان بادوباراں ، ایک شخص ہلاک ،7 افرادزخمی

جمعرات 18 مئی 2023 17:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2023ء) ملتان اورگردونواح میں بدھ کی شام طوفان بادوباراں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں چھتیں ،دیواریں اوردرخت گرنے کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور7 افراد زخمی ہوگئے ۔آندھی اوربارش کاسلسلہ شام سات بجے شروع ہوا اوردوگھنٹے تک جاری رہا۔اس موقع پرریسکیو 1122،ویسٹ منیجمنٹ اتھارٹی اوردیگراداروں کو متحرک کردیاگیا۔

طوفان بادوباراں کے نتیجے میں میپکوملتان ریجن کے 130فیڈرزٹرپ کرگئے ،ملتان کے علاوہ وہاڑی ،خانیوال ،ساہیوال ،مظفرگڑھ،رحیم یارخان اوردیگرعلاقوں میں بھی برقی رو کی فراہمی معطل ہوگئی ۔چیف ایگزیکٹوآفیسرمیپکومہر اللہ یاربھروانہ کی ہدایت پرطوفان تھم جانے کے بعد برقی رو کی بحالی کاسلسلہ شروع ہوااوررات بارہ بجے تک تمام علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحالی کردی گئی ۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 70سالہ غلام فرید کاتعلق گراس منڈی کے علاقے گلنارکالونی ملتان سے تھا،طوفان کے نتیجے میں اس کے گھر کی چھت گر گئی۔حادثے میں نورمحمدولد امتیازاور مختارولد غلام فرید عمر74سال زخمی ہوگئے ۔اس کے علاوہ نوازشریف یونیورسٹی کے قریب آندھی سے گھر کی دیوارگرگئی ،دوافرادزخمی ہوگئے ۔حیات چوک نزدبابرسٹوڈیوکے قریب کھاد اورفیڈزکے گودام میں آتشزدگی سے بھاری نقصان ہوا،ڈاکٹراختروالی پلی ہیڈ نو بہار کے قریب بہانے کی دیوارگرنے سے دوباپ بیٹاسمیت محمدوکیل ،محمد عارف زخمی ہوگئے ۔

دریں اثناءمحکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کی بارش اورآندھی کے نتیجے میں ملتان میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ۔کل دوپہر ایک بجے درجہ حرارت 40.7سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجبکہ آج ایک بجے سات درجہ کم ہوکر 33.1سینٹی گریڈرہ گیا۔