پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارشوں کا الرٹ جاری

پیر 22 مئی 2023 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2023ء) پی ڈی ایم اے کی طرف سے 22 سے 26 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے 22 مئی کو مغربی ہوائیں ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جو آنے والے ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے اثر انداز ہو گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ 22سے 26 مئی کے دوران اسلام آباد، مری، راولپنڈی، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ ،ننکانہ، گوجرانوالہ، لاہور ،سیالکوٹ ، منڈی بہاوالدین، ناروال، قصور، پاکپتن ، اوکاڑہ ، ساہیوال، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور ، ملتان اور بہاولنگر میں آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

اس کے علاوہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ 23 سے 25 مئی کے دوران پنجاب میں آندھی/ جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزورعمارات کو نقصان کا خطرہ ہے۔ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے۔